Latest News

اسلام کے آفاقی پیغام کو احسن طریقہ سے عوام تک پہنچائیں، دارالعلوم زکریا دیوبند میں مولانا سید ارشد مدنی نے دیا بخاری شریف کا آخری درس۔

اسلام کے آفاقی پیغام کو احسن طریقہ سے عوام تک پہنچائیں، دارالعلوم زکریا دیوبند میں مولانا سید ارشد مدنی نے دیا بخاری شریف کا آخری درس۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
اسٹیٹ ہائیوے پر واقع ممتاز دینی ادارہ دارالعلوم زکریا دیوبند میں جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر و دارالعلوم دیوبند کے صدر المدرسین نے مولانا سید ارشد مدنی نے بخاری شریف کا آخری درس دیتے ہوئے فضلاء کو قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔ اس مناسبت سے منعقد تقریب کا آغاز قاری محمد عمر کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔

اس موقع پر مولانا سید ارشد مدنی نے بخاری شریف کا آخری درس دیتے ہوئے احادیث اور حضرت امام بخاریؒ کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ اس دوران مولانا سید ارشد مدنی کے ہاتھوں دورہ حدیث سے فراغت حاصل کرنے والے 207ء طلبہ نے اور افتاء سے فارغ ہونے والے 38/ فضلاء کی دستار بندی عمل میں آئی ہے۔ مولانا سید ارشد مدنی نے احادیث نبویؐ کی فضیلت وکمالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف کی تاریخ کا مطالعہ کرنے اور اس سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔
مولانا سید ارشد مدنی نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن نے جہاں عبادات اور پابندی شریعت کی تعلیم دی ہے وہیں مسلمانوں کو کسب معاش اور کسب حلال کی بھی ترغیب دی ہے،رسول اکرم ؐ نے بھی مسلمانوں کو معاشی جدوجہد اور مختلف ارشادات کے ذریعہ سے ہدایت فرمائی، مولانا سید ارشد مدنی نے طلبہ کو حلال وحرام میں تمیز کرنے اور حرام سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ آج سب سے زیادہ حلال وحرام میں تمیز کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے طلبہ کو سیرت نبویؐ سے سبق حاصل کرنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔انہوں نے دورۂ حدیث کے تمام طلبہ کو اجازت حدیث دی اور نصیحت کی کہ اسلام کا داعی بن کر اب آپ کو میدان عمل میں قدم رکھنا ہے اور اسلام کے آفاقی پیغام کو احسن طریقہ سے دوسروں تک پہنچانا ہے۔
ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی محمد شریف خان قاسمی نے اپنے مختصر خطاب کے دوران فضلاء کو ان کی ذمہ داریوں کو احسا س کرایا او ر انہیں حکمت کے ساتھ پوری دنیا میں علم دین کے فروغ اور تبلیغ و اشاعت کی تلقین کی۔ ا اس دوران مفتی شریف خان قاسمی نے ایک طالبعلم کانکاح بھی پڑھایا۔ 
آخر میں مفتی منتظر الحسن نے امن عالم اور ملک وقوم کی سلامتی کیلئے رقت آمیز دعا کرائی۔اس موقع پر جامعہ کے شیخ الحدیث مولانا سمیع اللہ، مفتی ہارون،مفتی محمد ثاقب، قاری محمد سلمان، قاری محمد عمار، مفتی شاہنواز خاں، مولانا نعمان قاری فرخ کے علاوہ جملہ اساتذہ وطلبہ موجودرہے۔ واضح رہے ادارہ میں 20 شعبان کو سالانہ امتحان بھی اختتام پذیر ہوگئے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر