Latest News

علی گڑھ اور دیوبند سمیت یوپی کے ان 12 شھروں کے نام تبدیل کرنے کاڈرافٹ تیار، جلد یوگی کابینہ میں ہوگا پیش۔

علی گڑھ اور دیوبند سمیت یوپی کے ان 12 شھروں کے نام تبدیل کرنے کاڈرافٹ تیار، جلد یوگی کابینہ میں ہوگا پیش۔
لکھنؤ: یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنی پہلی میعاد میں بھی کئی جگہوں کے نام بدلے تھے۔ اب وہ ریاست کے 12 اضلاع اور شہروں کے نام تبدیل کرنے جا رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس سلسلے میں تجویز کا مسودہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ حکومت ریاست کے جن مقامات کے نام بدلنے کی تیاری میں ہے ، وہ ہے۔ علی گڑھ ،سنبھل، فرخ آباد، سلطان پور، فیروز آباد، شاہجہاں پور، آگرہ، مین پوری، غازی پور، دیوبند، رسول آباد اور سکندرا شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے۔ جلد ہی اسے یوگی کابینہ کی میٹنگ میں منظوری کے لیے پیش کیا جا سکتا ہے۔ وہاں سے مہر ملنے کے بعد اسے یوپی کے آئندہ بجٹ اجلاس میں اسمبلی میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ نام کی تبدیلی کے لیے اسمبلی سے قرارداد پاس ہونے کے بعد اسے گورنر کو بھیجا جاتا ہے۔ گورنر کی مہر کے بعد یونین وزارت داخلہ کے پاس جاتی ہے اور پھر ریاستی حکومت نوٹیفکیشن جاری کرکے نام تبدیل کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق نئے تجویز کردہ نام علی گڑھ سے آریہ گڑھ، سنبھل سے پرتھوی راج نگر، فرخ آباد سے پنچال نگر، سلطان پور سے کش بھون پور، فیروز آباد سے چندر نگر، آگرہ سے اگرون، مین پوری سے میانپوری، غازی پور سے گڑھی پوری ،دیوبند سے دیوورند، رسول آباد سے دیوگڑھ اور سکندرا سے آدرش نگر۔ 
یوگی کا ماننا ہے کہ پرانی شناخت کو بحال کرنے کے لیے ایسے قدم اٹھانا ضروری ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے پچھلے دور حکومت میں بھی کچھ جگہوں کے نام بدلے تھے، جیسے کمبھ میلے سے پہلے الہ آباد کو تبدیل کر کے پریاگ راج کر دیا گیا تھا۔ فیض آباد سے ایودھیا، مغل سرائے ریلوے اسٹیشن سے پنڈت دین دیال اپادھیائے اسٹیشن، گورکھپور کے اردو بازار سے ہندی بازار، ہمایوں پور سے ہنومان نگر، مینا بازار سے مایا بازار اور علی نگر سے آریہ نگر کیا گیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر