Latest News

مسلم خواتین کے ریپ کی دھمکی دینے والامہنت بجرنگ منی کو 14دن کی عدالتی حراست میں بھیجا گیا۔

مسلم خواتین کے ریپ کی دھمکی دینے والامہنت بجرنگ منی کو 14دن کی عدالتی حراست میں بھیجا گیا۔
لکھنؤ: (ایجنسی) اترپردیش کے ضلع سیتاپور میں حال ہی میں مسلم خواتین کے ریپ کی دھمکی دینے والے مہنت بجرنگ مُنی کو بدھ کے روز یوپی پولیس نے گرفتار کر لیاہے۔ مہنت کی گرفتاری کے مطالبہ پر خواتین نےپرزور مظاہرہ کیا تھا۔ سیتاپور کے ایس پی آر پی سنگھ نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مہنت بجرنگ مُنی داس کو مسلم خواتین کے خلاف بھڑکاؤ بیان دینے کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ۔ اسے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیاہے۔
مہنت بجرنگ منی داس نے گذشتہ 2اپریل کوسیتاپورکے خیرآبادمیں شیشے والی مسجد کے سامنے ایک ریلی نکالی تھی اوراسی ریلی میں بجرنگ منی داس نے مائک سے اعلان کرتے ہوئے مسلم عورتوں کے ریپ کی دھمکی دی تھی ۔یہ ویڈیوسوشل میڈیاپرخوب وائرل ہوئی تھی اس کے بعد بجرنگ منی داس کی گرفتاری کامطالبہ زورپکڑاتھا۔یہ وائرل ویڈیو 2 اپریل کی ہے اور مہنت نے یہ زہر فشانی نو سموتسر (ہندوؤں کا نیا سال) کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے دوران کی تھی۔
مہنت بجرنگ منی نے متنازعہ بیان دینے کا مقدمہ درج ہوتے ہی اپنے بیان پر معافی مانگ لی تھی اور معافی مانگتے ہوئے ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی۔ مہنت نے معافی مانگتے ہوئے کہا ’’اگر میری کسی بات سے انہیں تکلیف پہنچی ہے تو میں تمام ماؤں بہنوں سے معذرت خواہ ہوں۔ میں تمام خواتین کا احترام کرتا ہوں۔‘‘
مہنت کی زہرفشانی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سیتاپور پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ اس معاملے میں سرکل آفیسر شہر کو تحقیقات اور ضروری کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے کہا کہ ’متعلقہ شخص‘ کے خلاف خیرآباد پولیس اسٹیشن میں اصولوں کے مطابق مناسب دفعات کے تحت شکایت درج کی گئی ہے۔ دستیاب شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ مہنت بجرنگ منی داس اکثر تنازعات میں گھرا رہتا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے سے پہلے وہ سنگت کی زمین پر غیر قانونی قبضے کے حوالہ سے بھی کافی زیر بحث رہا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس کے یہاں مقامی سیاسی لیڈران کا آنا جانا لگا رہتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر