Latest News

حج فارم جمع کرنے کا ایک اور موقع، 22 اپریل2022 تک بھرے جائیں گے فارم، 65سال تک کے عازمین کوہی سفر حج کی اجازت۔

حج فارم جمع کرنے کا ایک اور موقع، 22 اپریل2022 تک بھرے جائیں گے فارم، 65سال تک کے عازمین کوہی سفر حج کی اجازت۔
نئی دہلی/ دیوبند: (سمیر چودھری) 
ہندوستانی عازمین حج کے بار بار مطالبہ کئے جانے کو منظور کرتے ہوئے بالآخر حج ویب سائٹ کو آئندہ 22/اپریل تک کھول دیا ہے تاکہ ماہ فروری میں سفر حج پر جانے کے وہ خواہشمند افراد جو حج 2022کے لئے فارم بھرنے سے رہ گئے تھے وہ 22/اپریل سے پہلے پہلے آن لائن حج فارم بھر کر متعلقہ حج کمیٹی کو ارسال کردیں۔مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ حج 2022کے لئے ترمیم شدہ اعلان کے مطابق صرف 65/سال کی عمر تک کے عازمین کو سفر حج کی اجازت دی جائے گی۔
نئے اعلان کے مطابق اس سال 18/سال سے 65/ سال کی عمر کے عازمین کو ہی سفر حج کی اجازت دی جائے گی۔واضح ہو کہ مجموعی طور سے اس سال 10/لاکھ افراد کو سفر حج کی اجازت ہوگی۔بعد ازاں مخصوص کوٹہ کے ذریعہ اضافی افراد کو اجازت دی جائے گی۔
دیوبند حج کاؤنٹر کے کنوینر فہیم صدیقی نے بتایا کہ نئی حج گائڈ لائن کے مطابق 65/ سال سے زائد عمر والوں کو سفر حج کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ 65/ سال سے کم عمر والے عازمین سعودی عرب پہنچنے سے 72گھنٹے پہلے کووڈ ٹیسٹ کا نگیٹیو سر  ٹیفکیٹ(PCR) پیش کرنا ہوگا۔اس کے علاوہ عازمین کو مکہ اور مدینہ میں قیام کے دوران کورونا وائرس سے بچنے کے احتیاطی اقدامات پر بھی عمل کرنا ہوگا۔
اس سال حج کا فریضہ ماہ جولائی میں ادا کیا جائے گا۔اعلان میں کہا گیا ہے کہ نئی گائڈ لائن کے مطابق درخواستوں کو واپس لینے کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے لہٰذا جو خواہشمند حضرات سفر حج پر جانے کے خواہشمند ہوں وہ درخواست فارم آن لائن بھیجنے کے لئے موبائل نمبر 9997357686اور9027045787 پر رابطہ کرکے مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

اُدھر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد نے اپنے ایک پریس بیانیہ میں بتایا کہ سعودی حکومت کے فیصلے کے مطابق دو سال کے وقفے کے بعدحج2022 کے لیے سعودی باشندگان کے ساتھ دیگر ممالک کے عازمین بھی حج کی ادائیگی کرسکیں گے۔ بشرطیکہ عازمین حج کی عمر 65سال سے زائد نہ ہو۔اس صورت میں ایسے حضرات جنہوں نے حج2022کے لیے پہلے حج کے لیے درخواست دی ہے اور ان کی عمر 65سے سال سے زائد ہے ان کی درخواستوں کو منسوخ کرنا ہوگا۔

حج کمیٹی آف انڈیا سے جاری سرکلر نمبر 12 (Haj-2022) مورخہ09 اپریل2022 کے مطابق 65سال سے زائد درخواستوں کی منسوخی کے بعد ان کی جگہ نئے فارم بھرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے جو 22 اپریل2022 تک جاری رہے گا۔ خواہشمند حضرات کے پاس 22 اپریل2022 تک کی تاریخ کا جاری کیا ہوا مشین ریڈیبل پاسپورٹ ہونا لازمی ہے۔ جبکہ پاسپورٹ کے قابل قبول ہونے کی میعاد حسب دستور31دسمبر2022ہی رہے گی۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد کے مطابق حج کمیٹی کی جانب سے حج منزل ،ترکمان گیٹ آصف علی روڈ،نئی دہلی پر درخواست گذار عازمین کے لیے آن لائن فارم بھرنے اور جمع کرنے اور اس سلسلے میں مہیا سہولیات بدستور جاری رہیں گی۔ کسی بھی پریشانی کی صورت میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے فون نمبر011-23230507پر بھی دفتری اوقات میں رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ: www.hajcommittee.gov.in اورگوگل پلے اسٹور کے تحت موبائل ایپــ ـ "Haj Committee of India”پر بھی حج فارم آن لائن بھر ا جاسکتا ہے۔ 

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر