Latest News

عید گاہ میں نماز عید الفطر 7:30 بجے ادا کی جائیگی، عید گاہ وقف کمیٹی دیوبند کی میٹنگ میں فیصلہ، کمیٹی میں تین نئے ممبران کا انتخاب۔

عید گاہ میں نماز عید الفطر  7:30 بجے ادا کی جائیگی، عید گاہ وقف کمیٹی دیوبند کی میٹنگ میں فیصلہ، کمیٹی میں تین نئے ممبران کا انتخاب۔
دیوبند: (سمیر چودھری) عید گاہ وقف کمیٹی دیوبند کی ایک میٹنگ بسلسلہ عید الفطر آستانہئ قاسمی برمکان مولانا محمد سفیان قاسمی صدر عید گاہ کمیٹی منعقد ہوئی، جس میں کمیٹی کے 7 ارکان نے شرکت کی۔
میٹنگ کی صدارت مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند مولانا محمد سفیان قاسمی نے فرمائی جبکہ نظامت کے فرائض کمیٹی کے سکریٹری مولوی محمد انس صدیقی نے انجام دئیے۔
سکریٹری نے ارکان کمیٹی کو بتایا کہ کمیٹی کے قدیم رکن نواب الدین انصاری کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔مرحوم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے تعزیتی قرار دار پاس کی گئی۔ بعد ازاں عید الفطر کی نماز عید گاہ میں صبح 7:30 (ساڑھے سات) بجے ادا کئے جانے کا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا۔ ارکان کمیٹی نے عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کے لئے مولانا سفیان قاسمی سے درخواست کی جو انہوں نے قبول کرلی۔
کمیٹی کے اہم رکن ڈاکٹر انور سعید اور متولی عید گاہ محمد انس صدیقی نے میٹنگ کے دوران نئے ممبران کے انتخاب کی تجویز پیش کی۔ صدر کمیٹی اور ارکان کمیٹی نے اتفاق رائے سے تین نئے ممبر عبد المنان، کلیم ہاشمی اور فہیم اختر صدیقی کو کمیٹی کا رکن نامزد کرلیا اور یہ طے کیا کمیٹی کے دو ممبران نے دیوبند سے منتقل ہوکر دہرہ دون میں سکونت اختیار کرلی ہے اسلئے ان کے علم میں لاکر اور ان سے استعفیٰ لے کر مزید ممبران کا انتخاب کرلیا جائے گا۔
میٹنگ میں طے کیا گیا کہ کمیٹی کا ایک مشترکہ کھاتہ کسی مقامی بینک میں کھولا جائے اور تمام حسابات باقاعدگی کے ساتھ قلم بند کرکے تفصیلات محفوظ رکھی جائیں۔ صدر محترم مولانا محمد سفیان قاسمی نے یہ ہدایت کی کہ عید گاہ میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی تحریری اجازت لی جائے اس کے علاوہ نماز عید کے وقت پارکنگ اور آمد ورفت میں ڈسپلن بنائے رکھنے کے نظام کے لئے ایس ڈی ایم اور کوتوالی انچارج نیز ایل آئی یو آفس کو تحریر بھیجی جائے اس کے علاوہ عید گاہ کے آس پاس اور عید گاہ کو جانے والے راستوں پر صفائی ستھرائی رکھنے کے لئے میونسپل بورڈکے چیئرمین اور ای او کو منجانب کمیٹی تحریر بھیجی جائے۔
اتفاق رائے سے یہ بھی طے کیا گیا کہ عید الفطر سے تین یوم قبل نماز عید الفطر اور فطرہ کی ادائیگی سے متعلق پورے شہر میں اعلان کرایا جائے۔ میٹنگ کا اختتام مولانا محمد سفیان قاسمی کی دعاء پر ہوا۔ میٹنگ میں مولانا سفیان قاسمی کے علاوہ کمیٹی کے سکریٹری محمد انس صدیقی، ڈاکٹر انور سعید، تحسین خاں ایڈوکیٹ، انعام قریشی، سعید احمد انصاری، عمیر احمد عثمانی، کلیم ہاشمی اور فہیم صدیقی موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر