خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے عالم اسلام کے لئے جاری کیا ماہِ صیام کی مبارکباد کا پیغام کہا رمضان کورونا وبا کی مشکلات کے بعد آسانیاں لے کر آیا ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے رمضان کی آمد پر سعودی عوام اورعالم اسلام کے نام مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق قائم مقام وزیراطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے شاہ سلمان کی جانب سے امت کے نام مبارکباد کا پیغام ریڈیو اور ٹی وی پر جاری کیا۔
شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ’ رمضان دلوں کی صفائی اور اختلافات سے چھٹکارا حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ یہ اچھائیوں اور اپنی زندگی احکام الہی کے مطابق گزارنے کی تربیت کا مہینہ ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مقام شکر ہے کہ اللہ تعالی نے ہمیں رمضان کے روزے رکھنے اور عبادت کا موقع عطا کیا ہے۔ رمضان کورونا وبا کی مشکلات کے بعد آسانیاں لے کر آیا ہے۔ مملکت نے کورونا وبا پر قابو پانے اوراس کے نقصانات سے نمٹنے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے‘۔ ’یہ اللہ کے فضل اور مملکت کی غیر معمولی کوششوں کی بدولت ممکن ہو سکا ہے‘۔
پیغام میں مزید کہا کہ’ ہمیں مسجد الحرام ، مسجد نبوی، حج ،عمرہ اور زیارت پر آنے والوں کی خد مت اعزاز ملنے پر فخر ہے‘۔
انہوں نےاس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ ’ کورونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مکمل گنجائش استعمال کرنے کا ایک بار پھر موقع ملا ہے‘۔ شاہ سلمان نے سرحدوں کی ہر پل حفاظت کرنے والے بہادر فوجیوں، تمام عسکری اداروں کے جوانوں اور وطن عزیز کی خدمت میں تن من دھن سے کام کرنے والے سرکاری اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ سلمان نے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ ’اللہ تعالی سب کے روزے، عبادت اور نیک کام قبول فرمائے۔ سعودی عرب سمیت دنیا بھر کے تمام ممالک کو ہر آفت اور بلا سے اپنی حفاظت میں رکھے‘۔
0 Comments