Latest News

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے سلسلہ ”پیغام رمضان“ کا آغاز، برادران اسلام علماء کرام کے خطبات سے استفادہ کریں: مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے سلسلہ ”پیغام رمضان“ کا آغاز، برادران اسلام علماء کرام کے خطبات سے استفادہ کریں: مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی۔
نئی دہلی، (پریس ریلیز): رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہم سب پر سایہ فگن ہے۔ یہ مہینہ سال بھر کے اسلامی مہینوں میں سب سے زیادہ عظمتوں، فضیلتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔ اس ماہ کی عظمت کا اندازہ فقط اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مقدس کا نزول اسی پاک مہینے میں ہوا۔ اس ماہ میں اللہ تعالیٰ اہل ایمان کو اپنی رضا، محبت اور انوار و تجلیات سے نوازتے ہیں۔ یہ مہینہ نیکیوں کا موسم بہار ہے، اس مہینہ میں ہر نیک عمل کا اجر وثواب کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ اس ماہ میں جب ایمان اور احتساب کی شرط کے ساتھ روزہ رکھا جاتا ہے تو اس کی برکت سے پچھلی زندگی کے تمام صغیرہ گناہ معاف ہوجاتے ہیں اور جب رات کو قیام تراویح اسی شرط کے ساتھ کیا جاتا ہے تو اس سے بھی گزشتہ تمام گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔ اس مہینے میں نفل فرض کے برابر اور فرض ستر فرائض کے برابر ہوجاتا ہے، اس مہینے کی ایک رات جسے شبِ قدر کہا جاتا ہے ہزار مہینوں سے افضل قرار دی گئی ہے۔ یہ مہینہ مومن کیلئے اللہ تبارک وتعالیٰ کی جانب سے بڑی عظیم نعمت ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری اور سوشل میڈیا ڈیسک کے کنوینر حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب مدظلہ نے کیا۔ مولانا نے فرمایا کہ اس ماہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم سے آزادی کا ہے۔ جس نے اس مہینے میں اپنے ماتحتوں کے کام میں تخفیف کی تو اللہ تعالیٰ اس کے بدلہ اس کی مغفرت اور اسے جہنم سے آزادی کا پروانہ دیں گے۔ 
مولانا نے فرمایا کہ رمضان المبارک کا مقصد تقویٰ کا حصول ہے۔ اس مہینے میں روزے کو فرض اور تراویح کو سنت قرار دیا گیا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ روزہ وہ عظیم فریضہ ہے جسکا اجر و ثواب اللہ تعالیٰ خود عطا فرمائے گا۔ مولانا نے فرمایا کہ ہمیں چاہیے کہ رمضان المبارک کے قیمتی اوقات عبادت و ریاضت میں گزاریں کیونکہ اس مہینے میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے انوار وبرکات کا نزول ہوتا ہے اور روزہ کی برکت اور اپنی رحمت خاصہ کے ذریعہ اللہ تعالیٰ اہل ایمان کے گناہوں کو جلا دیتے اور ان کی بخشش فرمادیتے ہیں، مگر افسوس کہ بہت سے لوگ غفلت اور سستی کی وجہ سے اس مبارک مہینے کی پوری قدر نہیں کرپاتے اور مادیت اور دنیاداری کے غلبے کی وجہ سے اس مہینے میں بھی معصیت اور گناہ میں مبتلا ہوتے ہیں اور خالی ہاتھ رہ جاتے ہیں۔ اسلئے رمضان المبارک کی عظمت و برکت اور اہمیت و فضیلت سے امت مسلمہ کو واقف کرانے اور اس ماہ مبارک سے مکمل استفادے کی راہ ہموار کرنے کیلئے سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے علماء و اکابر کے خطبات کا ایک منفرد سلسلہ بعنوان ”پیغام رمضان“ کا آغاز کیا جارہا ہے۔ 
مولانا رحمانی نے اس سلسلے پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ ”پیغام رمضان“ کا یہ سلسلہ بڑی اہمیت کا حامل ہے، اس سے مسلمانوں کو رمضان المبارک کے قیمتی اوقات صحیح طریقے پر عبادت و ریاضت میں گزارنے کی ترغیب ملے گی اور اوقات کے ضیاع سے حفاظت ہوگی۔ مولانا نے فرمایا یہ سلسلہ رمضان المبارک کی بابرکت راتوں میں بروز پیر، بدھ، جمعہ اور اتوار کی رات ٹھیک ساڑھے دس بجے سے بورڈ کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج پر نشر ہوگا۔ جس میں اراکین بورڈ اور ملک بھر کے مختلف علماء کرام اور مسالک و مکاتب فکر کے سربراہ حضرات کے خطبات ہونگے۔ مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے پوری امت مسلمہ سے درخواست کی کہ وہ اس منفرد سلسلہ سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے علماء کرام کے بیانات سے بصیرت و نصیحت حاصل کریں اور عمل کا مزاج بنا کر رمضان المبارک کی برکتیں اور رحمتیں سمیٹیں۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر