Latest News

رمضان کے پہلے جمعہ کو نہایت خشوع و خضوع سے ادا کی گئی نماز دوگانہ، کووڈ کے بعد پہلی مرتبہ رمضان المبارک کے جمعہ کو مساجد میں جمع ہوئی فرزندان توحید کی بھیڑ، علماء نے کئے بیانات۔

رمضان کے پہلے جمعہ کو نہایت خشوع و خضوع سے ادا کی گئی نماز دوگانہ، کووڈ کے بعد پہلی مرتبہ رمضان المبارک کے جمعہ کو مساجد میں جمع ہوئی فرزندان توحید کی بھیڑ، علماء نے کئے بیانات۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو روزہ داروں نے مساجد پہنچ کر نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ نماز دوگانہ ادا کی اور امن عالم کے لئے دعائیں کی گئیں۔ واضح ہو کہ کووڈ 19کے سبب گذشتہ دو سالوں سے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے جاری گائڈ لائن کے تحت رمضان المبارک کے مہینہ میں بھی مساجد میں روزہ دار محدود تعداد میں نماز جمعہ ادا کررہے تھے جبکہ بڑی تعداد میں روزہ دار نماز جمعہ محلہ کی مساجد یا اپنے گھروں میں ادا کرنے پر مجبور تھے لیکن اب کورونا گائڈ لائن مکمل طریقہ سے ختم کئے جانے کے اعلان کے بعد مساجد اور بازاروں میں رونق لوٹ آئی ہے۔رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو دیوبند اور اس کے قریبی دیہی علاقوں کی مسجدوں میں ہزاروں روزہ داروں نے نماز جمعہ ادا کی نماز کے بعد نمازیوں نے اللہ کی بار گاہ میں ہاتھ پھیلاکر آپسی بھائی چارہ اور امن کے لئے دعائیں مانگی۔
دیوبند کی مشہور ومعروف مسجد رشید میں مولانا مفتی محمد عفان منصور پوری نے نماز جمعہ ادا کرائی جبکہ شہر کی مرکزی جامعہ مسجد میں دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ وخطیب مولانا مفتی عارف قاسمی نے نماز جمعہ ادا کرائی۔اس کے علاوہ چھتہ مسجد میں مولانا اظہر مدنی نے نماز جمعہ ادا کرائی، اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے قائد اور دارالعلوم دیوبند کے صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے خصوصی خطاب کے دوران ہر ایک مسلمان کو رمضان المبارک کی قدر کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک جیسی عظیم نعمت سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماہ صیام کے ہر ہر لمحہ کی قدر کرنی چاہئے اور توبہ واستغفار کرکے اپنی دنیا اور آخرت کو سنوار نا چاہئے۔مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ سب کو یہ عہد کرنا چاہئے کہ وہ تمام دنیاوی برائیوں سے اپنے دامن کو بچا کر صراط مستقیم پر چلنے کا اپنے آپ کو عادی بنائیں گے۔مسجد رشید میں جمعہ کی نماز کے بعد مفتی عفان منصور پوری نے روزہ داروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک نہایت خاص اور اللہ کی طرف سے عنایت کردہ انعام کا مہینہ ہے کیونکہ اس مہینہ ہر طرف رحمتیں برستی ہیں اسلئے ہمیں ان رحمتوں اور برکات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو صراط مستقیم پر چلنے کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ ہم آہنگی،امن وسلامتی اور پورے ملک میں بھائی چارہ کو مضبوط کرنے پر زور دینا چاہئے۔مولانا مفتی عفان منصور پوری نے کہا کہ قرآن نے ہمیں جو راہ ہدایت دی ہے اسی پر چلنے میں دونوں جہان کی کامیابی ہے۔
دیوبند کی مرکزی جامعہ مسجد میں مولانا مفتی عارف قاسمی نے کہا کہ روزے رکھ کر ہر برائی سے دور رہنا اور اللہ تعالیٰ کی عبادت میں وقت گذارنا ہی روزہ اور تقویٰ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقدس مہینہ میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے لئے برکتوں اور رحمتوں کے دروازہ کھول دیتا ہے۔اس کے علاوہ دیوبند کی دیگر مساجد میں بھی روزہ دار نمازیوں کی زبردست بھیڑ رہی۔
اس موقع پر میونسپل بورڈ دیوبند کی جانب سے بھی مساجد کے آس پاس جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے مد نظر صفائی ستھرائی اور چونے کا چھڑکاؤ کرایا گیا۔ جمعہ کی نماز کے بعد دیوبند کے قرب وجوار سے آنے والے نمازیوں نے بازاروں میں پہنچ کر جم کر خریداری کی۔ کپڑے کی خریداری کے علاوہ سحر وافطار کے سامان خریدنے والوں کی بڑی بھیڑ دیکھنے کو ملی وہیں دوسری جانب دیوبند کے قریبی علاقوں راجو پور، گوپالی، تھیتکی، سانپلہ، لبکری، بنھیڑہ خاص اور مانکی وغیرہ گاؤں کی مسجدوں میں بھی بڑی تعداد میں روزہ داروں نے نماز جمعہ ادا کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر