Latest News

تعلیمی تفریق کے خاتمہ کیلئے سیتامڑھی میں الامین پبلک اسکول کا قیام، نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی، آئی اے ایس شاہد رضا خان سمیت اہم شخصیات کی شرکت۔

تعلیمی تفریق کے خاتمہ کیلئے سیتامڑھی میں الامین پبلک اسکول کا قیام، نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی، آئی اے ایس شاہد رضا خان سمیت اہم شخصیات کی شرکت۔
سیتامڑھی: وہی قوم زندگی کے ہر میدان میں کامیاب ہوتی ہے جس کے افراد زیور تعلیم سے آراستہ ہیں ۔ یہ باتیں حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی نائب امیر شریعت امارت شرعیہ بہار اڈیسہ و جھارکھنڈ نے الامین پبلک اسکول مادھوپور سلطان پور سیتامرھی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ 
اس تقریب سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مولانا رزین اشرف ندوی شیخ الحدیث دارالعلوم نظامیہ صوفیہ پونہ نے کہا کہ اس ملک کو آگے بڑھانے کے لئے آئی اے ایس افسران پیدا کرنے کی ضرورت ہے،ہم یہ چاہتے ہیں کہ سر سید احمد کا خواب ایک ہاتھ میں قرآن اور ایک ہاتھ میں کمپیوٹر الامین پبلک اسکول سے پورا ہو۔ اس تقریب سے فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد انور رکن قانون ساز کونسل بہار نے کہا کہ پچھلے سو سالوں کی تاریخ پلٹ لیجیے مسلمانوں نے انسانیت کو کچھ نہیں دیا ہے، جبکہ اسلام سماج میں انصاف کرنا، غریبوں مزدوروں کے ساتھ ہمدردی کرنا سکھاتا ہے، غیروں کے ساتھ اخوت و بھائی چارگی اسلام سکھاتا ہے مگر ہم اس معاملے میں کافی پیچھے ہیں اس ملک کا ہندو سیکولر ہے نفرت کا مقابلہ نفرت سے نہیں محبت سے کیا جاتا ہے اور یہی اسلام سکھاتا ہے۔ 
قاری صہیب ریاستی صدر راشٹریہ جنتا دل یوتھ بہار نے مولانا امین اشرف رحمۃ اللہ علیہ سے اپنے والد مرحوم کی عقیدت و محبت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کے لئے باپ ایک نمونہ ہوتا ہے، مولانا لبیب اشرف کا جذبہ بتا رہا ہے کہ آپ اپنے والد کے ادھورے کام کو آگے بڑھانے میں موثر کردار ادا کریں گے۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی شاہد رضا خان ڈپٹی میونسپل کمشنر سمستی پور نے معلومات افزا تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک اسٹیج پر رک جانے کا نام کامیابی نہیں ہے، بلکہ مسلسل بڑھتے رہنا کامیابی ہے،علم ہی نے اے پی جی عبدالکلام کو زمین سے اوج ثریا پر پہنچایا تھا۔الامداد چیریٹیبل ٹرسٹ کے چیئرمین محمد صہیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوموں کے عروج و زوال کا انحصار علم نافع پر ہے۔ سیتامڑھی ایم ایل سی رامیشور مہتو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے میں داخل ہونے کے بعد ایسا لگا کہ کسی یونیورسٹی میں داخل ہو رہے ہیں، انہوں نے بھارت کی ترقی کے لئے تعلیم کو واحد راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر آئی پی ایس آفیسر دیش کی ترقی کے لئے کام کرتا ہے، اس موقع پر انہوں نے الامین پبلک اسکول کو اپنے فنڈ سے دس لاکھ روپے دینے کا وعدہ بھی کیا۔ 
اس موقع پر الامین پبلک اسکول کے ڈائریکٹر مولانا لبیب اشرف کے رفیق کار مولانا شاہنواز بدر قاسمی نے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا لبیب اشرف میرے مشن کے ساتھی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم تعلیم پر کام کریں گے اور دس سال کے اندر پورے بہار میں اسلامی اسکول کا جال بچھا دیں گے ۔ قبل ازاں تقریب کا باضابطہ آغاز تلاوت کلام اللّہ اور نعت پاک سے ادارہ دعوۃ الحق کے ایک طالب علم نے کیا، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا لبیب اشرف اور مولانا طارق ریاض نے مشترکہ طور پر انجام دئیے۔
آخر میں پروگرام کے کنوینر مولانا لبیب اشرف نے آئے ہوئے تمام مہمانان کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اندر جو کمی کوتاہی رہی اس کی تلافی کے لئے ہم سب محنت کریں اور ہمارے اس مشن کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الامین پبلک اسکول قائم کرنے کا جو موقع ملا ہے ان حقائق کے پیچھے ہمارے ساتھی شاہنواز بدر کا اہم رول ہے، جن کے ہم بے حد ممنون مشکور ہیں۔ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے بلا تفریق مسلک و مشرب شرکت کی اور مولانا لبیب اشرف کے اس مشن کو خوب سراہا۔ نائب امیر شریعت کی دعا پر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ 
اس تقریب میں مولانا عبدالخالق قاسمی رکن انڈین جرنلسٹ، مولانا اکرام قاسمی روزنامہ انقلاب، مولانا اشتیاق تسلیمی روزنامہ تاثیر، ابوطالب روزنامہ قومی تنظیم، مولانا مولانا قمرالزماں، قاری معراج، مولانا باذل اشرف قاسمی سمیت دیگر سیاسی و سماجی کارکنان موجود تھے۔ پروگرام کا کامیاب بنانے میں الامین پبلک اسکول و ادارہ دعوۃ الحق مادھوپور سلطان پور سیتامرھی کے اساتذہ و کارکنان اور طلباء نے اہم کردار ادا کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر