Latest News

سرکردہ مسلم جماعتوں اور شخصیات کی مشاورتی میٹنگ، اعلیٰ سطحی وفد کھرگون اور کرولی کا دورہ کرے گا۔

سرکردہ مسلم جماعتوں اور شخصیات کی مشاورتی میٹنگ، اعلیٰ سطحی وفد کھرگون اور کرولی کا دورہ کرے گا۔
نئی دہلی:(آر کے بیورو) ملک میں مسلم اقلیت کے خلاف نفرت کے بڑھتے واقعات اور رام نومی کی شوبھا یاترا کے موقع پر ملک کی کئی ریاستوں میں فرقہ وارانہ تشدداور پھر ایک خاص کمیونٹی کے مکانات پر بلڈوذر چلانے کی کارروائی نے تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ مسلم جماعتوں پر کوئی قدم اٹھانے کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے، چنانچہ آج نئی دہلی میں سرکردہ مسلم مذہبی جماعتوں اور معروف شخصیات کی خصوصی میٹنگ ہوئی ،جس میں امیر جماعت اسلامی ہند انجینئرسید سعادت اللہ حسینی، مرکزی جمعیۃ اہل حدیث کےصدر مولانااصغر علی امام مہدی سلفی،ممتاز شیعہ عالم علامہ محسن تقوی،علامہ جلال حیدر نقوی،ویلفیئرپارٹی کے صدر ڈاکٹر قاسم رسول الیاس،جماعت اسلامی کے شعبہ قومی امور کے سکریٹری محمد احمد،دہلی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ظفر الاسلام خاں،مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد،ملی کونسل کے نمائندے صفی اختر،مسلم پرسنل لا ءبورڈ کے فاؤنڈرممبر کمال فاروقی،سرکردہ سماجی کارکن ندیم خان وغیرہ شریک تھے۔ یہ میٹنگ مرکزجماعت میں ہوئی اسے جمعیۃ علماد ہند(م) کی بھی تائید حاصل تھی۔

اس اہم میٹنگ میں مختلف ٹھوس تجاویز پر غور خوض ہوا۔ حالیہ فسادات خصوصاً کھرگون اور کرولی کی صورتحال اور سرکار کے رویے پر گفتگو ہوئی اور یہ طے پایا کہ جلد ہی اعلیٰ سطحی وفد ان دونوں مقامات کا دورہ کرے گا اور دیگر متاثرہ مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔ وہاں ہوئے نقصانات کا جائزہ لے گا ،وہاں کے مقامی حکام اور ضرورت ہوئی تو وزرائے اعلیٰ سے بھی ملاقات کی جاے گی۔
ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ کئی اہم ایشوز زیر بحث آئے اور مربوط بنیادوں پر مشترکہ جدوجہد پر اتفاق رائے بنا۔سردست احتجاج نہ کرنے اور مظلوموں کی دادرسی اور ہر ممکن قانونی و دیگر تعاون کو ترجیح دینے کی بات ہوئی۔ جلدہی ایک اور میٹنگ ہوگی اور اس کا دائرہ وسیع ہوسکتا ہے۔ میٹنگ کی صدارت انجینئر سعادت اللہ حسینی نے کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر