Latest News

رمضان المبارک کی چند باقی ساعتوں کی قدر کریں: علماء کرام، دیوبند کی مساجد میں فرزاندان توحیدادا کی الو وداع جمعہ کی نماز۔

رمضان المبارک کی چند باقی ساعتوں کی قدر کریں: علماء کرام، دیوبند کی مساجد میں فرزاندان توحیدادا کی الو وداع جمعہ کی نماز۔
دیوبند،29/ اپریل(سمیر چودھری
جمعۃ الوداع کے موقع پر دیوبند کی مساجد میں روزہ داروں اور نماز پڑھنے والے ہزاروں کی تعداد میں پہنچے جنہوں نے نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد امن عالم اور بارش کے لئے دعائیں کیں۔نماز کے بعد روزہ داروں نے بازاروں میں پہنچ کر خریداری کی۔تفصیل کے مطابق رمضان المبارک کے آخری جمعہ جمعۃ الوداع کے موقع پر شدید گرمی کے باوجو د دیوبند کی تمام مسجدوں میں ہزاروں کی تعداد میں روزہ دار نماز جمعہ ادا کر نے کے لئے پہنچے جنہوں نے نماز جمعہ کے بعد اللہ کی بارگاہ میں ہاتھ پھیلاکر اپنے گناہوں کی توبہ کی  اور پورے سال اسی طرح رحمتیں اور برکتیں نازل کئے جانے نیز ملک میں امن وسلامتی قائم رہنے کے علاوہ بارش کے لئے دعائیں مانگیں۔نماز کے بعد بازاروں میں زبردست بھیڑ جمع ہوگئی کیونکہ لوگوں نے عید الفطر کے مد نظر زبردست خریداری کی۔دیوبند کی مرکزی جامعہ مسجد دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید،چھتہ مسجد اور دارالعلوم وقف کی اطیب المساجد سمیت شہر کی خاص خاص مسجدوں میں دیوبند اور آس پاس کے دیہی علاقوں کے لوگوں نے پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی۔مرکزی جامعہ مسجد میں دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مفتی عارف قاسمی نے نماز جمعہ ادا کرائی۔نماز کے بعد انہوں نے رمضان المبارک کے آخری عشرہ اور جمعۃ الوداع سے متعلق بیان کرتے ہوئے کہا کہ رحمتوں وبرکتوں اور نعمتوں والے مہینہ رمضان المبارک میں روزہ رکھنے کا انعام امت مسلمہ کو اللہ تعالیٰ نے عید الفطر کی شکل میں عطا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نماز عید سے قبل سب کو فطرہ کی رقم ادا کردینی چاہئے تاکہ غریب،بے سہارا اور مستحقین بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔بیان کے اختتام پر مفتی عارف قاسمی نے پوری دنیا میں امن وسلامتی قائم رہنے بالخصوص مسلمانوں کی حفاظت ان کی فلاح وبہبود اور پورے ملک میں امن وشانتی کے لئے دعاء کرائی۔وہیں دوسری جانب چھتہ مسجد میں نماز جمعہ کے بعد جمعیۃت علماء ہند کے قائد مولانا ارشد مدنی نے رمضان المبارک اور آخری عشرہ کی اہمیت وفضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام صرف نماز اور روزہ کا نام نہیں ہے بلکہ اچھے اخلاق اور بہترین برتاؤ اور دوسروں کے ساتھ صاف ستھرے معاملات رکھنے کا نام دین ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کا دن تمام دنوں کا سردار ہے۔مولانا ارشد مدنی نے بتایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو یہ ہدایت دی کہ جمعہ کے دن زیادہ سے زیادہ درود وسلام کا ورد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ رمضان کے باقی ماندہ چند دنوں میں خوب دعائیں اور عبادات کی جائیں۔دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں جمعیۃعلمائے ہند کے صدر اور سابق ممبر پارلیمنٹ مولانا محمود مدنی نے نماز جمعہ ادا کرائی۔نماز جمعہ کے بعد مفتی محمد عفان منصورپوری نے اپنے بیان کے دوران کہا کہ جمعۃ الوداع در اصل حساب کا دن ہے کہ ہم نے پورے رمضان میں کیا کھویا اور کیا پایا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا رحمتوں اور برکتوں والا بیش قیمت وقت اب بہت تھوڑا باقی ہے اس لئے ہمیں اس تھوڑے وقت میں اپنے اللہ کو راضی کرنے کے لئے ذکر واذکار میں مشغول رہ کر اپنی مغفرت کرالینی چاہئے۔مفتی عفان قاسمی نے کہا کہ رمضان کے تیسرے اور آخری عشرہ میں ایک رات ایسی ہے جس میں عبادت کرنے سے 83/سالوں کی عبادت کے برابر عبادت کا ثواب ملتا ہے اسلئے ہمیں آخری عشرہ کی راتوں کو جاگ کر عبادت میں مشغول رہنا چاہئے اور اپنے رب سے رحمت اور مغفرت طلب کرنی چاہئے۔اس کے علاوہ دیوبند کے تمام گھروں میں خواتین اور معصوم بچیوں نے بھی نماز پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور خوب دعائیں مانگیں۔شہر کی مساجد میں نماز اور بیان کے بعد نمازیوں نے بازاروں کا رخ کیا اور عید الفطر کے لئے جم کر خریداری کی۔جمعۃ الوداع کے موقع پر میونسپل بورڈ دیوبند کی جانب سے تمام مساجد کے آس پاس صفائی ستھرائی کرائی گئی اور کلی چونے کا چھڑکاؤ کرایا گیا۔حکومت وانتظامیہ کی جانب سے مسجدوں کے آس پاس آر اے ایف کے جوان اور پولیس اہلکار تعینات رہے۔اس کے علاوہ افسران بھی دیوبند کی مخصوص مسجدوں کے آس پاس گشت کرتے دکھائی دئیے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر