Latest News

امام بخاری نے کہا، پرندوں کو چوٹ لگتی تو وہ بھی چونچ مارتے ہیں۔

امام بخاری نے کہا، پرندوں کو چوٹ لگتی تو وہ بھی چونچ مارتے ہیں۔
نئی دہلی :(ایجنسی) جامع مسجد کے شاہی امام نے جہانگیرپوری میں تجاوزات ہٹانے کی مخالفت کی۔ جہانگیرپوری میں بلڈوزر ایکشن پر ردعمل دیتے ہوئے شاہی امام نے نماز جمعہ کے بعد کہا کہ پرندے کو چوٹ لگتی ہے تو وہ بھی چونچ مارتےہیں،یہاں تو لوگوں کے بسے بسائے گھروں پر بلڈوزر چلادیئے۔
شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے ہزاروں لوگوں کو الوداع نماز کی مبارکباد دیتے ہوئے دہلی کے جہانگیر پوری اور مدھیہ پردیش کے کھرگون میں تشدد کے واقعات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے بلڈوزر کی کارروائی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جہانگیرپوری میں جو بلڈوزر چلا کیا وہ ٹھیک تھا؟
جامع مسجد کے شاہی امام نے کہا،’ہمارے پاس گنگا جمنی تہذیب ہے اور ہم ایک دوسرے کو مٹھائیاں بانٹتے ہیں۔ لیکن آج سب پریشان ہیں کہ کہیں ان نفرتوں سے ملک بکھر نہ جائے۔ مٹھی بھر لوگ اس ملک کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ملک میں حالیہ فرقہ وارانہ واقعات پر دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام احمد بخاری نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان تمام واقعات پر کل وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو خط ارسال کریں گے اور ان سے ملاقات کا وقت بھی طلب کریں گے۔

امام احمد بخاری نے کہا ’وزیر اعظم پورے ملک کا ہوتا ہے، کسی خاص مذہب کا نہیں ہوتا۔ میں وزیر اعظم مودی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر فرقہ وارانہ اختالافات اور نفرتیں بڑھتی رہیں تو کیا یہ ملک کے حق میں ہے؟ اس ملک میں ہندو اور مسلمان دونوں نے قربانیاں دی ہیں۔ ہم وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے لیے وقت مانگیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ وہ وقت دیں گے۔
جمعۃ الوداع کی نماز سے قبل اپنے خطاب میں امام احمد بخاری نے مسلمانوں پر ہو رہے مظاہر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک آج عجیب دور سے گزر رہا ہے، ہر طبقہ کے لوگ عجیب الجھن میں ہیں،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کچھ ہونے والا ہے لیکن معلوم نہیں کیا ہونے والا ہے۔ ہم اس ملک کو فرقہ وارانہ نفرت کی آگ میں جلنے کے لئے نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سامنے آج کئی سوال کھڑے ہیں۔ ہندوستان کو خطرہ مذہبی نفرت سے ہے۔ اگر یہ سب نہیں روکا گیاتو پتہ نہیں کہ معاملہ کہاں جا کر رکے گا، ہندو ہوں یا مسلمان سب کو مل کر اس نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔

جہانگیرپوری تشدد پر انہوں نے کہا’مذہبی مقامات کے باہر جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ نعرے لگائے جا رہے ہیں اور لوگ مذہبی مقامات کے سامنے اسلحہ لے کر نکل رہے ہیں۔ کوئی بھی تشدد نہیں چاہتالیکن کچھ لوگ ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم جب معاملے کی تحقیقات ہوگی تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ میں حکومت سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا یہ سب ٹھیک ہے؟
انہوں نے کہا کہ بلڈوزر سے صرف مسلمانوں کو ہی نہیں ہندوؤں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ 1977 کے دکان کے کاغذات ہونے کے باوجود ان کی دکانوں پر بلڈوزر چالا، ہم 70 سال سے بے بس رہے۔اس وقت مسلمان کی حالت مور جیسی ہے، وہ ناچتا ہے اور جب اپنے پاؤں دیکھتا ہے تو رو پڑتا ہے۔
کورونا کا ذکر کرتے ہوئے احمد بخاری نے کہا کہ پہلے ہی کورونا کی زد میں آنے سے نقصان ہوا اب پٹری پر واپس لوٹ رہے ہیں تو تشدد سے نقصان ہو رہا ہے۔
 بخاری نے یوپی میں سیاسی پارٹیوں خاص کر سماج وادی پارٹی (ایس پی) کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یوپی میں مسلمانوں نے ایس پی کو ووٹ دیا لیکن ایس پی نے ایک بار بھی مسلمانوں کا نام نہیں لیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر