Latest News

سخت گرمی کے باوجود نہایت خشوع و خضوع سے ادا کی گئی نماز دوگانہ، رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کو مساجد میں فرزندان توحید کا ہجوم، علماء نے کئے بیانات۔

سخت گرمی کے باوجود نہایت خشوع و خضوع سے ادا کی گئی نماز دوگانہ، رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کو مساجد میں فرزندان توحید کا ہجوم، علماء نے کئے بیانات۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کو سخت گرمی کے باوجود شہر اور دیہی علاقوں سے فرزندان توحید نے مساجد میں پہنچ کر نہایت خشوع وخضوغ کے ساتھ نماز دوگانہ ادا کی اور بارگاہ الہٰی میں سجدہ ریز ہوکر ملک اور پورے عالم میں امن اور سلامتی کی دعائیں مانگیں۔رمضان کے دوسرے جمعہ میں شدید گرمی کے باوجود مقامی افراد کے علاوہ دور دراز کے روزہ دار اور عقیدت مندوں نے دیوبند کی متعدد مساجد میں پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی۔تمام مساجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھیں۔
دارالعلوم دیوبند کی مسجد چھتہ میں نماز جمعہ کے بعد جمعیۃ علماء ہند کے قائد اور معروف عالم دین مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے خطاب کے دوران رمضان المبارک اور قرآن کریم کی اہمیت بتاتے ہوئے جمعہ کے دن کی فضیلت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ جمعہ تمام دنوں کا سردار ہے،جمعہ کے دن ہر لمحہ اللہ کی رحمت ناز ل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اورجمعہ دونوں بڑے قیمتی ہیں اسلئے اس پورے ماہ میں اور خاص طور پر جمعہ کے روز زیادہ سے زیادہ عبادت میں مشغول رہنا چاہئے۔مولانا ارشد مدنی نے کثرت سے عبادت اور ذکر واذکار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے کام آنے والوں اور نیکی کے راستہ پر چلنے والوں کو ہی اللہ تعالیٰ دنیا اور آخرت میں اجر عظیم سے نوازتے ہیں۔
دارالعلوم وقف دیوبند کی اطیب المساجد میں ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نماز جمعہ ادا کرائی۔نماز کے بعد مولانا سفیان قاسمی نے اپنے خطا ب کے دوران رمضان المبارک کی اہمیت وفضیلت،دوسرے عشرہ کی اہم عبادات اور فطرہ وزکوۃ کی ادائیگی سے متعلق تفصیلات بیان کیں اور امن عالم کے لئے دعاء کرائی۔دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں مولانا مفتی عفان منصورپوری نے نماز جمعہ کے بعد اپنے بیان میں رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ کی اہمیت وفضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ رحمت کے پہلے عشرہ کے بعد اب مغفرت کا دوسرا عشرہ چل رہا ہے اس عشرہ میں ہمیں اللہ کی بار گاہ میں سر بسجود ہوکر توبہ واستغفار کرنے کے ساتھ اپنی مغفرت کی دعائیں کرنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینہ میں اللہ تبارک وتعالیٰ کا دربار ہر وقت کھلا ہوا ہے کسی بھی وقت اللہ تعالیٰ سے توبہ استغفار کرکے اپنے گناہوں کی معافی مانگ لینی چاہئے۔دیوبند کی مرکزی جامعہ مسجد میں دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مولانا مفتی عارف قاسمی نے بعد نماز جمعہ اپنے خطاب کے دوران اللہ کی عبادت اور صراط مستقیم پر چلنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ صدقہ کرنے والوں اور اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والوں کو خدا بہت پسند کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں انسانوں سے محبت اور دشمنی صرف اللہ کی رضا کی خاطر ہی رکھنی چاہئے اور اپنے ہر کام میں اللہ کی رضا کو شامل رکھنا چاہئے۔مولانا مفتی عارف قاسمی نے کہا کہ ہر مسلمان کو فضول خرچی سے بچنا چاہئے کیونکہ اللہ اور اس کے رسول نے فضول خرچی سے منع فرمایا ہے۔
اس کے علاوہ جامعہ مسجد پٹھانپورہ،مسجد خانقاہ،مسجد عالی شان،مسجد کمال شاہ،قاضی مسجد اور قدیم مسجد سمیت سبھی مساجد میں نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی گئی اور ملک کی ترقی،خوشحالی اور امن وسلامتی کی دعائیں کی گئیں۔اس دوران کچھ مسجدوں میں نماز قبل خطیبوں نے روزہ اور نماز کی اہمیت بیان کرتے ہوئے رمضان المبارک میں کثرت سے عبادت کرنے کی نصیحت کی۔وہیں دوسری جانب دیوبند کے قرب وجوار و دیہی علاقوں کی مساجد میں بھی نماز جمعہ اداکی گئی۔نماز کے بعد روزہ داروں نے بازاروں میں پہنچ کر خریداری کی۔دیوبند میونسپل بورڈ کی جانب سے مساجد کے آس پاس صفائی ستھرائی کے انتظامات اور چونا چھڑکنے کا اہتمام کیا گیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر