ایس ڈی ایم نے کیا عیدگاہ کامعائنہ، عیدگاہ کے اطراف میں صفائی نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت۔
ایس ڈی ایم دیوبند دیپک کمار اور سرکل آفیسر درگا پرساد تیواری نے میونسپل بورڈ کی ایک ٹیم کے ساتھ جمعرات کے روز عید گاہ پہنچ کر عید گاہ کے برابر سے گذرنے والی سڑکوں کا معائنہ کیا۔جیسے ہی ایس ڈی ایم اور سی او میونسپل بورڈ کی ٹیم کے ساتھ عید گاہ پہنچے تو اس علاقہ میں تجاوزات کرنے والوں نے افراتفری کا عالم پیدا ہوگیا لیکن افسران کی ٹیم نے عید گاہ کے میدان کا جائزہ لیا اور اس کے برابر سے گذرنے والی خستہ حال سڑکوں کا معائنہ کرکے فوری طور پر عید الفطر سے قبل خستہ حال سڑکوں کی مرمت کرائے جانے اور صفائی ستھرائی رکھنے کے احکامات دئیے۔عید گاہ کے میدان اور اس کے آس پاس کی سڑکوں کا معائنہ کر نے کے دوران ایس ڈی ایم دیپک کمار نے اس وقت اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا جب انہوں نے ٹوٹی ہوئی سڑک پر ٹوٹی پھوٹی نالیوں کو دیکھا جس کے باعث سڑکوں پر مسلسل پانی بھر رہا ہے۔انہوں نے فوری طور پر میونسپل بورڈ کے ایگزیکیٹو آفیسر ڈاکٹر ڈی کے رائے کو صفائی ستھرائی کے نظام کو بنانے اور عید الفطر سے قبل مرمت کے کام پوراکرائے جانے کے احکامات دئیے۔
اسی دوران انہوں نے عید گاہ میدان کی صفائی کرانے کے لئے بھی ای او کو ہدایات دیں لیکن عید گاہ میدان میں پہلے ہی سے عید گاہ وقف کمیٹی کی جانب سے صفائی ستھرائی کا کام کرائے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ایس ڈی ایم دیپک کمار نے میونسپل بورڈ کے ای او کو عید گاہ روڑ سے ہوکر گزرنے والی ٹوٹی ہوئی نالیوں کو درست کرانے اور ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی فوری طور پر مرمت کرائے جانے کے ساتھ ساتھ پورے علاقہ میں صفائی ستھرائی کے نظام کو چست درست رکھنے کے بھی احکامات دئیے۔واضح ہوکہ عید گاہ وقف کمیٹی کے ذمہ داران اور مقامی تنظیمیں گزشتہ کافی دنوں سے عید گاہ کے قریب واقع خستہ حال سڑکوں کی مرمت اور نالیوں کی صفائی کرائے جانے کا مطالبہ کررہے تھے اسی کے رد عمل میں ایس ڈی ایم دیوبند نے عید گاہ کا موقع معائنہ کرکے سڑکوں اور نالیوں کو عید الفطر سے قبل درست کرائے جانے کے احکامات دئیے۔
0 Comments