Latest News

آخری عشرہ میں اعتکاف اور شب قدر عظیم نعمت ہے، اعتکاف کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے قاری زبیر احمد قاسمی کاظہار خیال۔

آخری عشرہ میں اعتکاف اور شب قدر عظیم نعمت ہے، اعتکاف کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے قاری زبیر احمد قاسمی کاظہار خیال۔
دیوبند:  (سمیر چودھری)
ماہِ صیام کے آخری عشرہ میں اعتکاف کا اہتمام عظیم عبادت ہے،اعتکا ف کی اہمیت وفضیلت نیز لازمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے جامع مسجد گوجر واڑہ کے امام وخطیب قاری زبیر احمد قاسمی نے کہا کہ اعتکاف اللہ تعالیٰ اور بندہ کے درمیان عبادت کا ایک منفرد طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں انجام دی جانے والی اس اہم عبادت کا پس منظر یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی قربت اور خوشنودی کے حصول کے لئے امت مسلمہ سے قبل کی امتوں نے بھی کچھ ایسی عبادات وریاضات اپنے اوپر لازم کرلی تھیں جو فرضیت کے زمرہ میں نہیں آتی تھیں لیکن دین اسلام چونکہ ایک دین فطرت ہے جو انسانی فطرت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے حکیمانہ راہ تجویز کرتا ہے تاکہ اس کی تکمیل انسان کے لئے بارِ خاطر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنیٰ ٹہر جانا یا کسی مخصوص جگہ پر ایک متعینہ وقت کے لئے اپنے آپ کو روکے رکھنا ہے۔مذہب اسلام کی اصطلاح میں اعتکاف ماہِ صیام کے آخیر عشرہ میں عبادت کی غرض سے مسجد میں ٹہرے رہنے کو کہتے ہیں۔ موصوف نے بتایا کہ اعتکاف کا ذکر احادیث میں بھی موجود ہے جن سے معلوم ہوتا ہے کہ اعتکاف نبیئ کریمؐ کی سنت ہے۔انہوں نے کہا کہ مردوں کا اعتکاف مسجدوں میں ہوتا ہے۔

20/رمضان کی شام غروب آفتاب سے پہلے مسجد میں پہنچ جائیں اور اعتکاف کی نیت کرلے۔انہوں نے کہا کہ رمضان کے آخری عشرہ کا اعتکاف مسنون ہے اور فقہی اعتبار سے اس کو سنت علی الکفایہ کہا جاتا ہے یعنی پوری بستی یا محلہ سے کسی ایک شخص نے کرلیا تو سب کی طرف سے ادا ہوجائے گا اور کسی ایک نے بھی اگر نہیں کیا تو سب گنہگار ہوں گے ان دنوں کے روزے رکھنا بھی معتکف کے لئے شرط ہے۔رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف کرنے سے معتکف اس رات کی عظمت کو پالیتا ہے جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں فرمایا کہ شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے یعنی اس رات کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے بہتر ہے۔انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ کا امت مسلمہ پر یہ بڑا احسان ہے کہ مختصر عمر میں اجر وثواب حاصل کرنے کی کس قدر آسان سہولت عطا فرمائی۔اللہ تعالیٰ سے دعاء ہے کہ وہ ہر مسلمان کو ماہِ صیام کے آخری عشرہ میں اعتکاف جیسی عظیم سنت کو ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے تا ہمارا شمار بھی خیر اور سلامتی پانے والوں میں ہوسکے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر