Latest News

افغانستان : ملا ہیبت اللہ نے قندھار میں نماز عیدکی ادائیگی کے بعد نمازیوں سے کیا خطاب۔

افغانستان : ملا ہیبت اللہ نے قندھار میں نماز عیدکی ادائیگی کے بعد نمازیوں سے کیا خطاب۔
افغان طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ اپنے 6 سالہ دورہ امارت میں دوسری مرتبہ منظر عام پر آئے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے قندھار کی مسجد میں عید کی نماز کے موقع پر نمازیوں سے خطاب کیا اور انہیں آزادی، فتح اور کامیابی پر مبارک باد دی۔
خبر ایجنسی کے مطابق طالبان سپریم کمانڈر نے شہریوں کو امن امان کی صورتحال اور اسلامی نظام کی مبارک باد بھی دی۔
رپورٹس کے مطابق ملاہیبت اللہ اخوند زادہ مسجد میں اگلی صف میں موجود تھے جہاں سے انہوں نے نمازیوں کی طرف رخ کیے بغیر خطاب کیا، اس موقع پر طالبان اہلکاروں نے صحافیوں کو ان کے قریب آنے نہیں دیا۔
نماز عیدکے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے اور 2 ہیلی کاپٹر بھی فضا میں منڈلاتے رہے۔ خیال رہےکہ 2016 میں طالبان کی قیادت سنبھالنےکے بعد سے ملاہیبت اللہ اخوند زادہ دوسری بار کسی عوامی مقام پر سامنے آئے ہیں۔
اس سے قبل گذشتہ سال اکتوبر میں طالبان کے اقتدار میں آنےکے بعد ملا ہیبت اللہ نے قندھار میں ایک مدرسے کی تقریب میں شرکت کی تھی۔ طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ کی میڈیا پر اب تک چند ایک پرانی تصاویر ہی سامنے آئی ہیں۔
ان کا عوامی سطح پر منظر عام پر آنا زیادہ تر تعطیلات کے دوران پیغامات جاری کرنے تک محدود رہا ہے۔ طالبان حکام کا کہنا ہےکہ ملا ہیبت اللہ جب ضروری ہوا تو عوام کے سامنے آئیں گے۔خیال رہے کہ افغانستان میں آج عید الفطر منائی گئی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر