Latest News

اب قطب مینار احاطے میں واقع مغل مسجد میں نماز پر پابندی کا فرمان۔

اب قطب مینار احاطے میں واقع مغل مسجد میں نماز پر پابندی کا فرمان۔
نئی دہلی:(ایجنسی)
قطب مینار احاطے میں واقع مغل مسجد کے امام نے محکمہ آثار قدیمہ پر الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ یہاں 13؍ مئی سے نمازوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ان کے مطابق برسوں سے وہ نماز پڑھا رہے ہیں اس سے قبل نماز پر کبھی پابندی نہیں عائد کی گئی تھی۔
انہوں نے کہاکہ 10ستمبر1976 سے میں دہلی وقف بورڈ کی طرف سے میں نماز پڑھا رہا ہوں، 46سال کا عرصہ گزر چکا ہے یہاں حالات ٹھیک تھے، کبھی کوئی دقت و پریشانی نہیں تھی مگر اچانک 13 مئی بروز جمعہ سے یہاں نئی پریشانی ہوگئی ہے ۔مسجد قطب مینار میں محکمہ آثار قدیمہ والوں نے نماز پڑھنے اور پڑھانے سے ہمیں روک دیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جب سے نماز یہاں نہیں ہورہی ہے، کچھ پتہ نہیں اندر کیا ہورہا ہے ہمیں مسجد میں نہیں جانے دیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے تو وہ لوگ ہم سے کہتے رہے کہ تمہاری حفاظت کےلئے یہ سب کیاجارہا ہے، جب نماز کا وقت آیا تو ہمیں دفتر میں بلالیا گیا اور وہاں کہا گیا کہ یہاں نماز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ آپ اب یہاں نماز نہیں پڑھاسکتے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ان لوگوں سے کہاکہ آج جمعہ ہے ہمیں جمعہ کی نماز تو پڑھنے دیں لیکن انہوں نے سختی سے منع کردیا۔
انہوں نے کہاکہ یہاں نماز پنج گانہ کے علاوہ جمعہ، عید ، بقرعید اور نماز تراویح بھی ہوتی تھی، کوئی پریشانی نہیں تھی ابھی نیا فتنہ پتہ نہیں کہاں سے مصیبت لے کر آگیا ہے۔ مسجد کو بند کردیاگیا ہے۔ انہوں نے اپنا یہ ویڈیو بیان انڈیا اسلامک سینٹرل کلچرل سے جاری کیا ہے۔ انہوں نے اسلامک سینٹرل کلچرل کے روح رواں سراج الدین قریشی سے کہاکہ ہماری بات انتظامیہ تک پہنچادی جائے اور مسجد کو کھلوانے کی پوری کوشش کی جائے تاکہ یہاں دوبارہ نماز ادا کی جاسکے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر