Latest News

حج کمیٹی آف انڈیا کے اقدامات سے عازمین میں تشویش، گزشتہ سال کے مقابلے سفر حج کے اخراجات میں بے تحاشہ اضافہ۔

حج کمیٹی آف انڈیا کے اقدامات سے عازمین میں تشویش، گزشتہ سال کے مقابلے سفر حج کے اخراجات میں بے تحاشہ اضافہ۔
دیوبند : (سمیر چودھری)
حج 2022کی تیاریاں تقریباً مکمل ہوچکی ہیں 4یا6جون سے پروازوں کا آغاز ہورہا ہے لیکن ہندوستانی عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے اقدامات سے اس مرتبہ بے حد مایوس ہیں کیونکہ مالی اعتبار سے حج کمیٹی نے عازمین کو جس طرح زیر بار کیا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔گذشتہ حج گرین کٹیگری کے لئے عازمین نے تقریباً دو لاکھ 94ہزار روپے کے اخراجات کے ساتھ ہوا تھا جبکہ عزیز یہ کٹیگری کے لئے عازمین نے تقریباً دو لاکھ59ہزار روپے ادا کئے تھے لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ حج 2022کے تمام عازمین کو عزیز یہ کٹیگری میں دکھایا جارہا ہے اور دہلی امبارکیشن سے جانے والے عازمین سے حج کے کل اخراجات 3لاکھ 88ہزار800روپے وصول کئے جارہے ہیں یعنی گذشتہ حج کی عزیز یہ کٹیگری کی رقم کے مقابلہ اس مرتبہ ایک لاکھ 29ہزار 800(1,29,800)روپے زائد وصول کئے جارہے جبکہ کلکتہ،حید رآباد،گوہاٹی اور سری نگر سے جانے والے عازمین سے 4لاکھ 25ہزار سے زائد تک کی رقومات ادا کرنے کے لئے کہا گیا ہے گویا حج کمیٹی آف انڈیا نے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کررکھا ہے ۔حج کمیٹی ہمیشہ سے دو قسطوں میں حج اخراجات کی وصولی کرتی آئی ہے ،پہلی قسط کے طور پر 81000روپے فی عازم اور اصل پاسپورٹ حمع کرانا اور بقیہ رقم دوسری قسط کے طور پر وصول کرلی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ نہایت چالاکی کے ساتھ حج کمیٹی نے ابتداءمیں حج کے کل اخراجات 3,47000روپے کا اعلان کرکے منتخب عازمین سے 81000روپے فی عازم کے حساب سے پہلی قسط اور پاسپورٹ منگالئے بعد ازاںدوسری قسط کے طور پر ایک لاکھ 20ہزار روپے فی عازم کے حساب سے جمع کرالئے ان رقومات کو جمع کرانے کے لئے بہت کم وقت دیا گیا اور اب تیسری وآخری قسط میں بے تحاشہ اضافہ کرکے عازمین کو اس قدر کم وقت دیا گیا کہ انہیں سوچنے سمجھنے یا اضافی رقم کے بارے میں وضاحت طلب کرنے کا موقع ہی نہ مل سکے۔حج کمیٹی آف انڈیا کے اس لوٹ مار کے رویہ سے عازمین میں شدید ناراضگی ہے ان کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک لاکھ 30ہزارروپے کے اضافہ کے بعد بھی عازم کو 2100ریال ہی دینے کا اعلان کیا گیا عازمین کا کہنا ہے کہ ایسی صورت میں کم از کم فی عازم 3000ریال ملنے چاہئیں۔حیران کن بات یہ ہے کہ جس سر کلر نمبر 25 کے ذریعہ تیسری وآخری قسط کی تفصیلات حج ویب سائٹ پر ڈالی گئی تھیں حج کمیٹی نے اس سرکلر کو ویب سائٹ سے ہٹالیا ہے ویب سائٹ پر سرکلر نمبر 21کے بعد کے تمام سرکلر ہٹا لئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ عازمین کو لگائے جانے والے ویکسین کے پروگرام کے سلسلہ میں بھی مکمل خاموشی ہے اب جبکہ 6جون یعنی حج کی پہلی پرواز کے لئے محض 8دن باقی ہیںلیکن ابھی تک عازمین کو نہ تو ویکسین دی گئی ہے نہ ہی فلائٹ شیڈول جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی بیگیج مہیا کرائے گئے ہیں ایسی صورت میں عازمین اندھیرے میں ہیں کہ انہیں کب ویکسین دی جائے گی ۔ان کی فلائٹ کس تاریخ میں ہے اور وہ رپورٹنگ کے لئے ترکمان گیٹ حج ہاو س دہلی کب جائیں یہ تمام صورت حال فوری طور پر وضاحت طلب ہے تاکہ عازمین سفر حج کے لئے قبل از وقت اپنی اپنی تیاریاں مکمل کرسکیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر