Latest News

ملکی اورمذہبی مسائل پر سرجوڑ کر غوروفکر کرینگے ملک بھر کے علماءکرام، جمعیة علماءہند کی مجلس منتظمہ کادوروزہ اہم اجلاس کل سے، تمام تیاریاں مکمل،ضلع انتظامیہ کی جانب سے سیکوریٹی کا سخت بندوبست۔

ملکی اورمذہبی مسائل پر سرجوڑ کر غوروفکر کرینگے ملک بھر کے علماءکرام، جمعیة علماءہند کی مجلس منتظمہ کادوروزہ اہم اجلاس کل سے، تمام تیاریاں مکمل،ضلع انتظامیہ کی جانب سے سیکوریٹی کا سخت بندوبست۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
جمعیة علمائے ہند کا دو روزہ مجلس منتظمہ کا اہم اجلاس دیوبند کے عید گاہ کے میدان میں آج 28مئی اور 29مئی کو منعقد کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں ملک کی موجودہ صورت حال سمیت متعدد در پیش اہم مسائل پر غور وفکر کے بعد تجاویز پاس کی جائیں گی۔ اس اجلاس کی تیاریوں کو جمعہ کے روز مکمل کرلیا گیا ہے ۔جمعیة کے ذمہ داران کا کہناہے کہ اس دو روزہ اجلاس میں 3سے 4ہزار ارکان اور مہمان شرکت کریں گے۔
جمعیة علمائے ہند کے اس دو روزہ اجلاس کے لئے قاسم پورہ روڑ پر واقع عید گاہ کے میدان میں تقریباً دو ہزار لوگوں کی بیٹھنے کی گنجائش کا ایک اے سی پنڈال تیار کیا گیا ہے ۔جمعہ کے روز جمعیة کے کار کنان پورے دن تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے مصروف رہے ۔ورکنگ کمیٹی کے اس جلسہ میں پورے ملک سے جمعیة سے منسلک مجلس منتظمہ کے ارکان شرکت کریں گے ۔اس دور وزہ اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے جمعہ کی صبح سے ہی مہمان دیوبند پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ اس دور وزہ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورت حال اور گیان واپی مسجد سمیت پورے ملک میں متعدد مذہبی مقامات کو لیکر پیدا کئے جانے والے تنازعات ،کامن سول کوڈ،مسلم وقف اور مسلمانوں کی تعلیم وغیرہ موضوعات پر تفصیلی گفتگو اور غور وفکر ہوگا ۔اجلاس کو کامیاب بنانے میں جمعیة کارکنان سرگرم ہیں۔
جمعیة علمائے ہند کے ضلع جنرل سکریٹری ذہین احمد نے بتایا کہ قائد جمعیة مولانا سید محمود اسعد مدنی کی صدارت منعقد ہونے والا دوروزہ اجلاس تین نشستوں پر مشتمل ہوگا ۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے ایجنڈے پر غور وفکر کے بعد اتوار کے روز اجلاس کی آخری نشست میں اتفاق رائے سے تجاویز منظور کی جائیں گی ۔ اجلاس کے سلسلہ میں انتظامیہ بھی الرٹ ہے۔
ایس ایس پی آکاش تومر نے بتایا کہ اجلاس کے دوران بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ خفیہ محکمہ کے لوگوں کی بھی تعیناتی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اضافی فورس اور ایل آئی یو کو الرٹ کر دیا ہے۔ وہیں دوسری جانب گزشتہ روز سہارنپور کے ڈی ایم اکھلیش سنگھ نے بھی دیوبند پہنچ کر اجلاس منعقد ہونے والے مقام کا معائنہ کیا اور مقامی افسران کو اس سلسلہ میں ضروری ہدایات دی تھیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر