Latest News

ایس ڈی ایم نے کیا مدرسہ کا معائنہ، گزشتہ چار سالوں سے اساتذہ کو نہیں ملی تنخواہیں۔

ایس ڈی ایم نے کیا مدرسہ کا معائنہ، گزشتہ چار سالوں سے اساتذہ کو نہیں ملی تنخواہیں۔
دیوبند،13 مئی(سمیر چودھری)
مرکزی حکومت کی جانب سے مدرسوں کو جدید طرز پر آراستہ کرنے کی اسکیم کے تحت چلائی جانے والی مہم کے دوران علاقہ کے قصبہ نانوتہ کے محلہ قانون گویان میں واقع مدرسہ اسلامیہ میں رام پور منہیاران کی ایس ڈی ایم سنگیتا راگھو نے پہنچ کر مدرسہ کا معائنہ کیا اور اس کے ریکارڈ اور کا رکردگی کو نہایت غور اور سنجیدگی کے ساتھ دیکھا۔
معائنہ کے دوران مدرسہ اسلامیہ کے ٹیچر سید فیاض علی نے ایس ڈی ایم کو بتایا کہ مدرسہ ماڈرینائزیشن کے تحت قائم کئے جانے والے مدارس میں اس وقت پورے صوبہ کے اندر 25ہزار سے زائد اساتذہ غریب بچوں کو مفت تعلیم دینے کا کام کررہے ہیں ۔سید فیاض علی نے مدرسہ اسلامیہ کا ریکارڈ اور کار کردگی پیش کرتے ہوئے ایس ڈی ایم کو بتایا کہ گزشتہ چار سالوں سے مسلسل اساتذہ کو تنخواہیں نہ دئیے جانے کے باعث ان مدارس میں درس وتدریس کے امور انجام دینے والے اساتذہ اس وقت فاقہ کشی کا شکار ہیں ۔اس کے علاوہ بہت سے ٹیچرز خستہ مالی حالت اور فاقہ کشی کے باعث اس دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں۔

اس معائنہ کے اختتاپر مدرسہ اسلامیہ کے تمام ٹیچرز نے ایس ڈی ایم سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت سے سفارش کرکے اساتذہ کو ان کے گزشتہ چار سالوں کے معاوضہ وتنخواہیں دلائے جانے کی کوشش کریں ۔ایس ڈی ایم سنگیتا راگھو نے اساتذہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی جانب سے تنخواہوں کے مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر