Latest News

تہوار ہماری قدیم روایات اور ملک کی سالمیت کو مضبوط کرتے ہیں، عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی کی جانب سے منعقد عید ملن تقریب میں ڈی ایم اکھلیش سنگھ کا اظہار خیال۔

تہوار ہماری قدیم روایات اور ملک کی سالمیت کو مضبوط کرتے ہیں، عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی کی جانب سے منعقد عید ملن تقریب میں ڈی ایم اکھلیش سنگھ کا اظہار خیال۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی کی جانب سے ”محبت زندگی ہے“ کے عنوان سے پرُ وقار عید ملن تقریب کا انعقادبائی پاس روڈ تعلیم آباد میں واقع نواز گرلز پبلک اسکول میں کیاگیا۔ جس میں مہمان خصوصی کے طور پر ضلع سہارنپور کے ڈی ایم اکھلیش سنگھ نے شرکت کی۔پروگرام کے دوران تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہندو مسلم بھائی چارہ اور ملک کی سا لمیت نیز ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو مضبوط بنانے اور برقرار رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ پورے تہوار آپس میں میل جول اور اتحاد کو مضبوط بنائے رکھنے کا ذریعہ ہوتے ہیں کیونکہ ہر مذہب میں تہوار ایک دوسرے سے محبت کرنے اور باہمی ہم آہنگی کی پیغام دیتے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ نے اپنے خطاب کے دوران عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تہوار ہماری قدیم روایات ،گنگا جمنی تہذیب اور اس ملک کی سا لمیت کو مضبوط کرنے کا کام کرتے ہیں اس لئے تمام تہواروں کو بلا تفریق مل جل کر منانا چاہئے اور باہمی میل جول سے ملک کو مضبوط کرنا چاہئے ۔ ڈی ایم نے عید ملن پروگرام کے انعقاد کے لئے ڈاکٹر نواز دیوبندی کو مبارکباد دی۔ 
پروگرام کنوینر اور بین الاقوامی شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے بھی تمام مہمان کرام کا استقبال کرتے ہوئے ان کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے ملک کی موجودہ صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں جو صورت حال ہے اس کے باعث دن بدن فاصلہ بڑھ رہے ہیں اسلئے انہیں ختم کرنے کے لئے اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد نہایت ضروری ہے ۔ڈاکٹر نواز دیوبندی نے اپنے شاعرانہ انداز میں کہا کہ ہمارا مقصد محبت اور ملک میں امن وسلامتی قائم رکھنا و گنگا جمنی تہذیب کو مضبوط بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام اسی کا ایک حصہ ہے۔
پروگرام میں شریک دیوبند کے ایس ڈی ایم، سی او درگاپرساد تیواری، تاجر لیڈر ہلاش رائے سنگھل، بی جے پی لیڈر اور ضلع سہکاری بینک کے چیئرمین چودھری راج پال سنگھ وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کی تائید کی۔ 
خصوصی شرکاءمیں ڈاکٹر ڈی کے جین، سابق ایم ایل اے معاویہ علی، مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی، اشوک گپتا، راج کشور گپتا، اجے سنگھل بٹو، منوج سنگھل، ایم افسر، سابق چیئرمین انعام قریشی، سکھ پال چودھری، ڈاکٹر اعظم ، تحسین خان ایڈوکیٹ، نامور عالم دین مولانا ندیم الواجدی، کوتوالی انچارج پربھاکر کینتوا، عمیر احمد عثمانی، نیرج کنسل، پروین جین اور جمال الدین انصاری کے نام شامل ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر