آہ، مولانا سعدان: انا للہ و انا الیہ راجعون ۔۔۔۔۔ ان للہ ما اخذ ولہ ما اعطی وکل شیئ عندہ باجل مسمی۔ مفتی عفان منصورپوری۔
رفیق محترم مولانا محمد سعدان جامی رحمہ اللہ اس طرح اچانک داغ مفارقت دے جائیں گے حاشیہ خیال میں بھی کبھی نہیں آیا تھا ، مگر کیا کریں دنیا اسی کا نام ھے کب کس کا بلاوا آجائے کچھ نہیں کہا جاسکتا ، ایسی عجلت میں عزیز دوست نے آنکھیں بند کیں کہ آخری ملاقات تک کا موقع نہیں ملا ، خیر ۔۔۔۔۔ جنت بھی دور نہیں ھے اب تو وھیں جی بھر کر ملاقاتیں ھونگیں ان شاء اللہ ۔
سعدان بھائی ھمارے سب سے قدیم اور بے تکلف ساتھیوں میں سے ایک تھے ، درجہ حفظ و ناظرہ قرآن کریم سے درجات عربیہ تک ھمارا اور ان کا ساتھ رھا ، ان کا خوبصورت ، وجیہ اور مسکراتا چہرہ ، مزاح سے بھرپور بے تکلفانہ گفتگو ، خوش اخلاقی ، ملنساری ، مہمان نوازی اور محفل احباب میں اپنی اداؤں سے ساتھیوں کے لئے مرکز توجہ بننے والی شخصیت بھلائے نہیں بھلائی جاسکتی ۔ غفر اللہ لہ و رحمہ ۔
ان کی وفات کی خبر سے دل حددرجہ مغموم اور شکستہ ھے ، دعاء کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں ، باری تعالی مرحوم کو اپنی رضاء و رضوان سے نوازیں ، مغفرت تامہ فرماتے ھوئے جنت الفردوس میں اعلی مقام نصیب فرمائیں ، ان کے معصوم اور چھوٹے چھوٹے بچوں کی بہتر کفالت کا نظم فرمائیں ، ان کی اھلیہ محترمہ ، برادران : مولانا محمد سفیان صاحب و مولانا محمد عدنان صاحب ، قریبی عزیز : حضرت مولانا محمد سلمان صاحب بجنوری نقشبندی دامت برکاتہم اور دیگر اھل خانہ و متعلقین و احباب کو صبر جمیل نصیب فرمائیں ۔
احقر محمد عفان منصورپوری غفرلہ
۹ / شوال المکرم ١٤٤٣ھ
( نزیل مدینہ منورہ زادھا اللہ شرفا و عظمۃ )
0 Comments