Latest News

ممتاز مصنف ڈاکٹر زیڈ حسن کی تحقیقی تصنیف ’مرزا غالب اور جان کیٹس‘ کا علماء اور دانشوران کے ہاتھوں اجراء، یہ کتاب اُردو ادب کا عظیم کارنامہ

ممتاز مصنف ڈاکٹر زیڈ حسن کی تحقیقی تصنیف ’مرزا غالب اور جان کیٹس‘ کا علماء اور دانشوران کے ہاتھوں اجراء، یہ کتاب اُردو ادب کا عظیم کارنامہ۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
ممتاز مصنف پروفیسر ڈاکٹر زیڈ حسن (ظہیر حسن) کی تحقیقی کتاب "مرزا غالب اور جان کیٹس" کا عیدگاہ روڈ پر واقع شیخ الہند ہال میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب کے دوران رسم اجراءعمل میں آیا۔ پروفیسر ڈاکٹر زیڈ حسن بنیادی طورپر دیوبند کے باشندہ ہیں، جومتھرا عیدگاہ مسجد کی کمیٹی کے صدر اور ملک کے معروف مصنف ہیں۔ 

گزشتہ شب ان کی کتاب "مرزا غالب اور جان کیٹس" (فکرو فن کا تقابلی مطالعہ) کے اردو ترجمہ کا شہر کی سرکردہ شخصیات، دانشوران اور علماءکرام کے ہاتھوں عمل میں آیا۔اس دوران کتاب کے مصنف زیڈ حسن کو کو شال اوڑھاکر اور ٹرافی دے کر اعزاز سے نوازاگیا۔
اس موقع پر منعقدہ پروگرام کی صدارت متعدد کتابوں کے مصنف اور دارالعلوم دیوبند کے سابق صدرالقراءقاری ابوالحسن اعظمی نے کی اور نظامت کے فرائض یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے انجام دیئے، اس دوران ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے مصنف کی حیات و خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ قاری ابوالحسن اعظمی نے کہا کہ "ڈاکٹر زیڈ حسن کا تعلق دیوبند کی زرخیز مٹی سے ہے، انہوں نے علی گڑھ میں تعلیم حاصل کی اور کرشن کے شہر متھرا کو اپنا مسکن بنایا۔ ان کی یہ تحقیقی کتاب ایک شاندار، انمول اور عظیم کارنامہ ہے جو اردو دنیاکی عظیم کاوش ہے۔جس کے لئے ڈاکٹر زیڈ حسن قابل مبارکباد ہیں۔معروف عالم دین مولانا ندیم الواجدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ غالب کا تقابل دنیا کی ہر زبان اورشاعروں سے کیا گیا ہے لیکن جان کیٹس سے ان کا تقابل پہلی مرتبہ کیاگیا،مصنف نے 490صفحات نہایت مفصل اور تحقیقی انداز میں پیش کیا،اس کتاب کا تقابلی مطالعہ قارئین کے لیے نئے دروازے کھولے گا۔
ممتاز ادیب مولانا نسیم اختر شاہ قیصرنے کہا کہ کسی بھی زبان کی نثر کو نثر میں منتقل کرنا زیادہ آسان ہے بمقابلہ کسی کی شعری کاوش کو نثری میں بیان کرنا۔ انہوں نے کہاکہ زیڈ حسن صاحب نے غالب اور جان کیٹس کے تقابلی مطالعہ میں توازن قائم رکھاہے اور دونوں عظم شخصیتوں کے کمال اور فن کا بھرپور احاطہ کیاہے، یہ کتاب ان کے مطالعہ اور وسعت نظر کا بھی شاہکار ہے،یہ اردومیں منفرد کام ہے، جس کے موصوف مبارکباد مستحق ہیں۔ علاوہ سابق میونسپل بورڈ کے چیئرمین انعام قریشی اور سینئرقلمکار کمل دیوبندی نے مذکورہ کتاب کے حوالہ سے پنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مرزا غالب اور جان کیٹس کی شاعری پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ کتاب کے مصنف کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ 
واضح رہے کہ انگلش کے مشہور شاعر جان کیٹس نے محض 26 سال کی عمر پائی ہے لیکن آج 200 سال بعد بھی انہیں انگریزی ادب میں نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے۔صاحب کتاب ڈاکٹر زیڈ حسن متعدد کتابوں کے مصنف ہیں ،موصوف شاہی عیدگاہ متھرا کے صدر ہیں۔ زیڈ حسن کے آر کالج متھرا کے ریٹائرڈ ٹیچر ہیں اور ایچ ایم اسکول کے بانی منیجر ہیں۔ موصوف متھرا میں ہر سال مختلف قومی سطح کے موضوعات پر اردو کانفرنسوں کا اہتمام کرتا ہے۔ڈاکٹر زیڈ حسن نے بھی اپنی کتاب پر روشنی ڈالی اور اہل دیوبند کا شکریہ اداکیا۔
خصوصی مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی، سکریٹری انس صدیقی، عدیل صدیقی، سکندر انصاری، سعید انصاری، عبدالرحمن سیف، ممتاز احمد، مولانا شاہ عالم گورکھپوری، نسیم انصاری ایڈووکیٹ، سلیم عثمانی،فائرسلیم صدیقی، ڈاکٹر نعمان، ڈاکٹر اعظم، مسعود خان رانا، شمیم کرتپوری مسرور ٹھیکیدار عامر حسن وغیرہ موجود تھے۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں فہیم اختر صدیقی، نجم الحسن، ساجد حسن اور فیضی صدیقی نے اہم رول ادا کیا۔ آخر میں پروگرام کنوینر ساجد حسن نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر