Latest News

جامعہ ملیہ سے کوچنگ یافتہ شروتی شرما بنیں یو پی ایس سی ٹاپر، ٹاپ فائیو میں صرف لڑکیاں، جامعہ کے اساتذہ کی تعریف کرتے ہوئے بولی شروتی "ٹاپ کرنے کی امید نہیں تھی"۔

جامعہ ملیہ سے کوچنگ یافتہ شروتی شرما بنیں یو پی ایس سی ٹاپر، ٹاپ فائیو میں صرف لڑکیاں، جامعہ کے اساتذہ کی تعریف کرتے ہوئے بولی شروتی "ٹاپ کرنے کی امید نہیں تھی"۔
نئی دہلی:.یونین پبلک سروس کمیشن (UPSC) کے ذریعہ منعقدہ سول سروسز امتحان 2021 کے حتمی نتائج کا آج اعلان کر دیا گیا ہے۔ شروتی شرما نے اس امتحان میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ شروتی شرما کا تعلق اتر پردیش کے بجنور سے ہے۔ اس نے دہلی میں اپنی تعلیم مکمل کی ہے۔ وہ تاریخ کی طالبہ ہے۔ شروتی شرما گزشتہ دو سالوں سے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں رہائشی کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) سے کوچنگ لے رہی تھیں۔
اس بار پھر لڑکیوں نے UPSC کے باوقار سول سرویس امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ شروتی شرما نے UPSC کے باوقار سول سروسز امتحان میں ٹاپ کیا ہے۔ معلومات کے مطابق شروتی شرما سینٹ سٹیفن کالج اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کی طالبہ ہیں۔ اس نے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں رہائشی کوچنگ اکیڈمی میں رہ کر یو پی ایس سی سول سروسز کے امتحان کی تیاری کی تھی۔
شروتی شرما نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹاپ کرنے کی امید نہیں تھی، بس اتنا تھا کہ کلیئر ہو جائے گا۔ لیکن اب خوش ہوں اور ایک راحت بھی ہے کہ پڑھائی پوری ہوئی کیونکہ نصاب میں پڑھنے کے لیے بہت زیادہ تھا اور پڑھائی کرتے وقت ٹائم کا بھی خیال نہیں رکھا۔ اب موقع ملا ہے تو خوش ہوں کہ ملک کی خدمت کروں گی۔

شروتی نے دوسری کوشش میں یو پی ایس سی کلیئر کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس کا کہنا ہے کہ پہلی کوشش میں فارم غلط بھر جانے کی وجہ سے ہندی میں پیپر دینا پڑا تھا اور ایک نمبر سے وہ پیچھے رہ گئی تھیں۔ وہ کہتی ہیں ’’اس بار انگریزی میں پیپر لکھا اور کلیئر ہو گیا۔ پاپا کو جب پتہ لگا تو بہت جذباتی ہوئے اور وہ دہلی واپس آ رہے ہیں۔ والدین کی خوشی دیکھ کر ہی مجھے سب سے زیادہ خوشی ہوئی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ یو پی ایس سی امتحان میں انکتا اگروال نامی خاتون امیدوار نے آل انڈیا سیکنڈ رینک حاصل کی ہے۔ تیسرا مقام گامنی سنگلا کو ملا اور چوتھے مقام پر بھی ایک خاتون امیدوار ہی ہے جس کا نام ہے ایشوریہ ورما۔ پانچویں مقام پر اتکرش دویدی ہیں۔ لڑکیوں کے بازی مارنے پر شروتی شرما نے کہا کہ لڑکیوں کو ہمیشہ بہتر ماحول نہیں مل پاتا، لیکن اب گاؤں اور شہروں میں والدین اپنی بیٹیوں کی حوصلہ افزائی کرنے لگے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لڑکیاں آگے بڑھ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ یو پی ایس سی ٹاپر شروتی نے دہلی یونیورسٹی کے سینٹ اسٹیفنس کالج اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے۔ یو پی ایس سی امتحان کی کوچنگ انھوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رہائشی کوچنگ اکادمی (آر سی اے) میں لی ہے۔ شروتی نے جامعہ کے اساتذہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ میں آر سی اے کا ایک بڑا تعاون رہا ہے، ایک اچھا ماحول دیا گیا اور ایک اچھے ٹیچرس کا فائدہ ملا۔ شروتی کہتی ہیں ’’طارق سر اور فاروقی سر نے مجھے بتایا کہ کس طرح پڑھائی کرنی ہے۔‘‘


Post a Comment

0 Comments

خاص خبر