Latest News

تعلیمی اداروں میں جوش خروش سے منایاگیا آٹھواں عالمی یوگا ڈے، ذہنی تناو کو کم کرکے جسم اور رو ح کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرتاہے یوگا: شرکاء کا اظہارِ خیال۔

تعلیمی اداروں میں جوش خروش سے منایاگیا آٹھواں عالمی یوگا ڈے، ذہنی تناو کو کم کرکے جسم اور رو ح کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرتاہے یوگا: شرکاء کا اظہارِ خیال۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
آٹھواں عالمی یوگا ڈے یہاں تعلیمی اداروں جوش و خروش کے ساتھ منایاگیا۔ قدیم عصری تعلیمی ادارے پبلک گرلز انٹر کالج دیوبند میں طالبات نے مختلف یوگ آسن کرکے یوگامیں حصہ لیا ،ادارہ کی پرنسپل، ٹیچرز اور دیگر ملازمین بھی یوگا میں شریک رہے۔
اس موقع پر ادارہ کی پرنسپل نے یوگا کی اہمیت اور خصوصیات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یوگا ہمارے جسم اور صحت وتندرستی کے لئے ایک ایسی قدرتی نعمت ہے جو انسان کو ذہنی،جسمانی اور جذباتی طور پر مضبوط بناتا ہے ۔موجودہ دور میں جب ہر شخص ذہنی تناو ¿ کا شکار ہے یوگا اس اضطرابی کیفیت کو کم یا ختم کرنے میں بے حد مددگار ثابت ہوا ہے۔ 
گرلز انٹر کالج کی فزیکل ایجوکیشن ویوگا ٹیچر روبینہ شہزاد نے یوگا کی اہمیت اور افادیت سے طالبات کو روشناس کراتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں یوگا کی تاریخ پانچ ہزار سال پرانی ہے ۔یوگا کو جسم اور روح کے مابین ہم آہنگی پیدا کرنے کی حیرت انگیز سائنس سے تعبیر کیا جاتا ہے ۔صفیہ گوھر اور صبا حسیب صدیقی نے کہاکہ یوگ یا ورزش کے جسم پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس موقع پر زینب سنبل،ساجدہ اور منتشاءنے طالبات کو بتایاکہ یوگ سے ذہنی نشو ونمامیں بھی اضافہ ہوتا ہے جو تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتاہے۔اس موقع پر ادارہ کی جملہ ٹیچر و اسٹاف موجودرہا۔
دیوبند کے مشہور یونانی میڈیکل کالج جامعہ طبیہ دیوبند میں بھی آٹھواں عالمی یوگا ڈے نہایت جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا ۔اس موقع پر ایک یوگا کیمپ بھی لگایا گیا جس کا افتتاح بی جے پی کے سینئر لیڈر منوج سنگھل اور محمد انور انجینئر نے کیا ۔افتتاح کے بعد منوج سنگھل نے جامعہ طبیہ کے طلبہ وطالبات نیز اسٹاف کو یوگا کی مختلف ورزشیں کرائیں۔جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے بتایا کہ 14جون سے چلنے والے یوگا ہفتہ کے تحت ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی ،ڈاکٹر محمد آصف ،فیضی،گوھر نبی اور جوگیند روغیرہ نے یوگ سے متعلق بھرپور تشہیر کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کی بھاگ دوڑوالی زندگی میں روز انہ ورزش کرنا نہایت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ یوگ کا تعلق کسی خاص طبقہ ،فرقہ یا ملک سے نہیں ہے بلکہ اس کا سیدھا تعلق انسانی زندگیوں سے ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مرکزی اور صوبائی حکومتوں کا تعاون قابل ستائش ہے جس کی بدولت عوام نے صحت وتندرستی کی جانب بیداری لانے میں مدد ملی ہے۔
وہیں دوسری جانب دیوبند یونانی میڈیکل کالج میں بھی یوگا کا عالمی دن منایا گیا خاص طور پر 21جون کی صبح میڈیکل کالج کے طلبہ وطالبات نے اسٹاف کے ساتھ مل کر مختلف قسم کے یوگ آسن کئے۔ اس موقع پر یوگ ٹرینٹر سنجیو جین نے طلبہ وطالبات کو یوگ آسن کرائے۔ 
اس موقع پر ڈاکٹر طاہر حسن، ڈاکٹر فراز، ڈاکٹر تاجور، ڈاکٹر معید، ڈاکٹر نور عالم، جتیندر، فریدہ، شاہدہ اور اسٹاف سمیت بڑی تعداد میں طلبہ وطالبات موجود رہے۔اس کے علاوہ شہر کے جملہ تعلیمی اداروں میں یوگا ڈے جوش و خروش سے منایاگیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر