Latest News

محمد زبیر کی گرفتاری امتیازی سلوک پر مبنی کارروائی، مولانا محمودمدنی نے وزیر داخلہ امت شاہ کو لکھا مکتوب۔

محمد زبیر کی گرفتاری امتیازی سلوک پر مبنی کارروائی، مولانا محمودمدنی نے وزیر داخلہ امت شاہ کو لکھا مکتوب۔
فائل فوٹو۔
نئی دہلی :(پریس ریلیز)
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے آلٹ نیوز کے کو فائونڈر محمد زبیر کی گرفتاری کے پس پشت منشا پر سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ دہلی پولیس کی یہ کارروائی سچائی پر حملہ اورامتیازی سلوک پر مبنی ہے ۔مولانا مدنی نے کہا کہ آلٹ نیوز کا کام جھوٹی اور فیک انفارمیشن کے پھیلائو کے دور میں سچائی کو چھانٹ پھٹک کر پیش کرنا ہے ، جو درحقیقت ملک کی بہت بڑی خدمت ہے ۔ ہمارا یہ بہت ہی تلخ تجربہ رہا ہے کہ جھوٹی خبروں نے ہمارے معاشرے کی ہم آہنگی کو کافی متاثر کیا ہے اور ان کے درمیا ن بارہا دراڑ پیدا کرکے عداوت کی فضا قائم کی ہے ۔اس لیے جو بھی ادارہ اس طرح کا عمل انجام دیتا ہے ، اس کا استقبال ہو نا چاہیے ۔
اس سلسلے میں صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی نے وزیر داخلہ کو ایک مکتوب بھی ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ’’ مجھے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تفریق پر مبنی کارروائی سے شکایت ہے :ایک طرف کھلے عام نفرت انگیز تقاریر کرنے والے اور نسل کشی کی کال دینے والے آزاد گھوم رہے ہیں تو دوسری طرف نفرت پھیلانے والوں کو بے نقاب کرنے میں انتھک محنت کرنے والے صحافیوں کو منظم طریقے سے ہراساں اور ڈرایا جا رہا ہے۔‘‘

’’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جن لوگوں پر دوسروں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام ہے، قانون کی دفعات کے مطابق ان سے سختی سے نمٹا جانا چاہیے، تاہم اس سلسلے میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہو نا چاہیے،موجودہ معاملے میں ہم واضح امتیازی سلوک کا مشاہدہ کرتے ہیں، جن پر روک لگانے کی آپ کی آئینی ذمہ داری ہے۔ہمیں امید ہے کہ آنجناب اس معاملے میں انصاف کا معاملہ کریں گے ۔‘‘
مولانا مدنی نے کہا کہ ملک کے انصاف پسند افراد یہ محسوس کرنے میں حق بجانب ہیں کہ جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والے افراد اب تک گرفتار نہیں ہوئے، ایسا لگتا ہے کہ پولیس ان کو گرفتار کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی ، جو انتہائی افسوس ناک اور دل آزاری میں اضافہ کرنے والا عمل ہے ۔اس لیے ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکار منصفانہ کارروائی کو عمل میں لائے اور ملک کے وقار وسالمیت اور بین الاقوامی معاہدوں و اقرارناموں کی قدر کرے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر