Latest News

دیوبند میں ایک ہفتہ میں دوسری مرتبہ این آئی اے کی کاروائی، جن سیوا کیندر چلانے والے ایک نوجوان کو حراست میں لیا۔

دیوبند میں ایک ہفتہ میں دوسری مرتبہ این آئی اے کی کاروائی، جن سیوا کیندر چلانے والے ایک نوجوان کو حراست میں لیا۔
دیوبند:  (سمیر چودھری)
این آئی اے کی ٹیم دیوبند میں لگاتار چھاپہ ماری کررہی ہے ، آج بھی ٹیم نے شہر کے ایک ”جن سیوا کیندر “ کو کنگھالا اور شناختی کارڈ سے متعلق دستاویزوں سے چھیڑ خانی کے معاملے میں سینٹر کے مالک سے کافی دیر تک معلومات حاصل کی۔ واضح ہو کہ ایک ہفتہ قبل شہر کے ایک مدرسہ میں این آئی اے ٹیم نے چھاپہ ماری کرتے ہوئے میانمار کے رہنے والے ایک طالب علم کو حراست میں لیا تھا جس کے بعد آج صبح سویرے این آئی اے کی ٹیم نے شہر میں ایک مرتبہ پھر دستک دی ۔ ٹیم نے دیوبند کے محلہ خانقاہ میں واقع ایک جن سیوا کیندر پر چھاپہ ماری کی اور وہاں پر رکھے دستاویزوں کی باریکی سے جانچ کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹیم سینٹر مالک کو اپنے ساتھ لے گئی اور کسی خفیہ مقام پر اس سے پوچھ تاچھ کی ۔ ذرائع کے مطابق مدھیہ پردیش کے گرفتار کئے گئے نوجوانوں سے تفتیش کے بعد این آئی اے ٹیم دیوبند پہنچی اور فرضی آدھارکارڈ اور پاسپورٹ تیار کرانے کے معاملہ میں جن سیوا کیندر پر چھاپہ ماری کی گئی، بتایا جاتا ہے کہ جس شخص کو ٹیم نے تحقیق کے لئے حراست میں لیا ہے وہ مظفرنگر کے ایک گاﺅں کا رہنے والا ہے اور دیوبند میں جن سیوا کیندر چلاتا ہے اور محلہ خانقاہ کے نزدیک ایک کالونی میں کرائے کا کمرہ لے کر رہ رہا تھا ۔ ذرائع کے مطابق پوچھ تاچھ کے بعد مذکورہ شخص پر کوئی مشتبہ دستاویزات نہیں ملے ہیں جس کے بعد ٹیم اس شخص کو خفیہ محکمہ کے حوالہ کرکے گئی ہے ، حالانکہ پولیس اور خفیہ محکمہ اس معاملہ میں زیادہ معلومات نہ ہونے کی بات کررہا ہے ۔ اس سلسلہ میں ایس پی دیہات سورج رائے نے بتایا کہ این آئی اے کی ٹیم نے مستقیم نام کے ایک شخص سے معلومات حاصل کی ہے اور اس پورے معاملہ کی تفصیلی معلومات این آئی اے ٹیم ہی دے پائے گی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر