Latest News

دارالعلوم دیوبند نے پوری دنیا میں علم کی روشنی پھیلائی ہے، دارالعلوم دیوبند پہنچے افغانستان کے سفیر کی ذمہ داران سے ملاقات، ڈیڑھ سو سالہ علمی خدمات کی ستائش۔

دارالعلوم دیوبند نے پوری دنیا میں علم کی روشنی پھیلائی ہے، دارالعلوم دیوبند پہنچے افغانستان کے سفیر کی ذمہ داران سے ملاقات، ڈیڑھ سو سالہ علمی خدمات کی ستائش۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
ہندوستان اور افغانستان کے قدیم ثقافتی او ردوستانہ رشتہ چلے آتے ہیں، افغانستان کے عوام ہندوستان سے خاص محبت رکھتے یہی وجہ ہے کہ آج افغانستان کے ہندوستان میں موجود سفارتکار ڈاکٹر فرید اللہ مومند زئی کی قیادت میں سفارتخانہ کے ایک کثیر رکنی وفدنے دارالعلوم دیوبند پہنچ کر مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی، صدرالمدرسین مولانا سید ارشد مدنی اور نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی سمیت دیگر ذمہ داران سے ملاقات کی اور دارالعلوم دیوبند کی نصف صدی پر محیط تعلیمی، اصلاحی، تربیتی اور سماجی خدمات کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہاکہ پوری دنیا میں دارالعلوم دیوبند اور اس کی فکر ممتاز حیثیت کی حامل ہے۔اس دوران ذمہ داران نے والہانہ انداز میں مہمانوں کا استقبال کیا۔
ہندوستان میں افغانستان کے سفیر ڈاکٹر فرید اللہ مومند زئی نے آج یہاں عظیم علمی دانش گا ہ دارالعلوم دیوبند پہنچ کر ذمہ داران دارالعلوم دیوبند سے ملاقات اور اکابرین دیوبند کی علمی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ دارالعلوم دیوبند اور کابرین دیوبند نے علم دین کی روشنی پوری دنیا میں پھیلائی ہے، افغانستان میں دارالعلوم دیوبند اور یہاں کے اکابرین کی خدمات کو نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا اور یہی وجہ ہے کہاکہ افغانستان میں علم دین حاصل کرنے کی جستجو رکھنے والے طلبہ آج بھی دارالعلوم دیوبند میں داخل ہوکر تعلیم حاصل کرنے کو اپنے لئے بڑی سعادت مندی تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دارالعلوم دیوبند کی عظیم علمی خدمات کا فیض آج پوری دنیا میں جاری ہے ، فکر دیوبند کے ادارے جگہ جگہ قائم ہیں اور روایتی طورپر اس مکتبہ فکر کے حامل پوری دنیا میں پائے جاتے ہیں، انہوں نے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم اور دیگر ذمہ داران سے باہمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے بچپن سے دارالعلوم دیوبند اور اکابرین دیوبند کے متعلق بہت کچھ سنا اورپڑھا ہواتھااور طویل عرصہ سے یہا حاضری کی خواہش تھی، متعدد مرتبہ کوشش بھی کی لیکن کبھی موقع نہیں ملا ، آج یہاں پہنچ کر روحانی مسرت محسوس ہوئی ہے۔ اس دوران ہندوستان اور افغانستان کے قدیم مراسم پر ،تہذیب، زبان او رکلچر کو لیکر بھی گفتگو ہوئی اور بتایا گیا کہ آج بھی دارالعلوم دیوبند میں افغانستان کے طالبعلم زیر تعلیم ہیں۔
مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی نے وفد کو بتایا کہ دارالعلوم دیوبند اور یہاں اکابرین نے ملک اور ملت کی یکساں طورپر بے مثال خدمات انجام دیں، شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسن دیوبندیؒ اور شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی ؒ وطنی خدمات کے ساتھ ساتھ علمی کارہائے نمایاں بھی انجام دیئے ہیں، جو روز روشن کی طرح عیاں ہیں ، علم دین اور فکر دیوبندکو پوری دنیا تک پہنچانے کے لئے یہاں اکابرین نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور انہیں اکابرین کے اخلاص اور خدمات کے صلہ میں فکر دیوبند پوری تک دنیا پہنچی ہیں۔ اس دوران مہمانوں سے دارالعلوم دیوبند کی ڈیڑھ سو سالہ علمی ،اصلاحی اور تربیتی و سماجی خدمات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر وفدمیں شامل کلچرل ڈپلومنٹ ارباب حسین نے تعلیم نسواں کے میدان دارالعلوم دیوبند کی خدمات کے متعلق مولانا ارشد مدنی سے گفتگو کی۔ سفیر ڈاکٹر فریداللہ مومند زئی نے بتایاکہ ان کا یہ ان آفیشلی دورہ ہے،وہ اتراکھنڈ گئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے دارالعلوم دیوبند کی لائبری، عمارات اور مسجد رشید کا دورہ اور دارالعلوم دیوبند کا معائنہ کیا۔ بعد ازیں مہمانوں نے مولانا سید ارشد مدنی کے گھر پہنچ کر ان سے خصوصی ملاقات کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر