Latest News

بلڈوزر کا غیر قانونی استعمال ملک کو انارکی کی طرف لے جانے والا عمل، ملک کے شہریوں کے ساتھ غیر ملکی دشمن کی طرح سلوک کرنا انتہائی افسوسناک: مولانا حکیم الدین قاسمی

بلڈوزر کا غیر قانونی استعمال ملک کو انارکی کی طرف لے جانے والا عمل، ملک کے شہریوں کے ساتھ غیر ملکی دشمن کی طرح سلوک کرنا انتہائی افسوسناک: مولانا حکیم الدین قاسمی۔
نئی دہلی: حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والے بی جے پی کے سابق لیڈران کی اب تک گرفتاری نہ ہونے سے ملک کے انصاف پسند طبقات میں سخت بے چینی پائی جارہی ہے۔ اسی مانگ کو لیکر گزشتہ جمعہ ملک کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرہ ہوئے. 
احتجاج کرنے والوں پر یوپی میں کئی جگہ سخت مقدمات لگاکر بڑی تعداد میں گرفتاریاں کی جارہی ہیں اور غیر قانونی طریقے پر ان کے گھروں کو مسمار کرنے کی کارروائی بھی شروع ہوگئی ہے۔ 
ایسے میں جمعیۃ علماء ہند کے قومی جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے حکومتوں کی غیر قانونی کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے معزز عدالتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی تاناشاہی کا از خود نوٹس لیکر ان کے ظلم و جبر پر روک لگائیں۔ اس سلسلے میں جہاں گیر پوری دہلی کی مثال بھی ہمارے سامنے ہے جہاں جمعیت کی درخواست پر عدالت عظمی نے انہدامی کارروائی پر روک لگادی تھی. 
مولانا نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں آئین و قانون سے بالا تر ہوکر کسی کے گھر کو مسمار کردینے کی اجازت نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود بھارت جیسی سب سے بڑی جمہوریت میں آئین و قانون کا گلا گھونٹنا اور عوام الناس کو انصاف مہیا کرانے والے اداروں کا خاموش رہنا ملک کو انارکی کی طرف لے جانے والا عمل ہے۔
مولانا نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری شہریوں کو بسانے کی ہوتی ہے نا کہ اجاڑنے کی۔  انھوں نے الہ آباد کے جاوید صاحب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملک کے شہری ہیں لیکن ان کے ساتھ اور ان جیسے دوسرے لوگوں کے ساتھ غیر ملکی دشمنوں کی طرح سلوک کیا جارہا ہے جس سے لوگوں میں یہ احساس بڑھتا جارہا ہے کہ سرکار اور اس کی ایجینسیاں ایک خاص طبقے کو اس کے احتجاج جیسے آئینی حقوق سے محروم کرنے اور ڈرانے کی کوشش کررہی ہیں. 
مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتلایا کہ ملک کے مختلف مقامات پر جن لوگوں کو بےجا گرفتار کیا گیا ہے ان کی قانونی لڑائی لڑنے کیلئے جمعیۃ علماء تیار ہے اور الگ الگ جگہوں پر وکلاء کا پینل تشکیل دیا جارہا ہے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر