Latest News

شیوسینا کے باغی گروپ کے سربراہ ایکناتھ شندے بنے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ، دیویندر فڑنویس نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔

شیوسینا کے باغی گروپ کے سربراہ ایکناتھ شندے بنے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ، دیویندر فڑنویس نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔
ممبئی: مہاراشٹر کی سیاست میں ایک طویل ڈرامائی پیش رفت کے بعد شیوسینا کے خلاف بغاوت کرنے والے ایکناتھ شندے نے جمعرات کی شام مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا، جب کہ بی جے پی کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے نائب وزیر اعلیٰ کا حلف لیا۔
 گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے راج بھون میں کوشیاری نے ایکناتھ شندے اور دیویندر فڑنویس کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔
بدھ کی رات مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ادھو ٹھاکرے کے استعفیٰ دینے کے بعد بی جے پی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور امکان تھا کہ ایک بار پھر دیویندر فڑنویس مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ بنیں گے لیکن دن بھر سیاسی ہلچل کے بعد بی جے پی صدر جے پی نڈا کی مداخلت سےدیویندر فڑنویس نائب وزیر اعلیٰ بننے پر رضامند ہو گئے۔
ایکناتھ شندے نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا جبکہ دیویندر فڑنویس نے راج بھون میں جمعرات کی شام 7:30 بجے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ شندے نے مراٹھی میں حلف لیا۔
آپ کو بتا دیں کہ دیویندر فڑنویس نے اعلان کیا تھا کہ ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ خود حکومت میں نہیں ہوں گے اور باہر سے حکومت کی مدد کریں گے۔ تاہم بعد میں جے پی صدر نڈا خود میڈیا کے سامنے آئے اور کہا کہ پارٹی چاہتی ہے کہ وہ نائب وزیر اعلیٰ بنیں۔
حلف برداری کے موقع پر ایکناتھ شندے کے اہل خانہ بھی راج بھون پہنچے۔ بتادیں کہ ایکناتھ شندے ادھو حکومت میں کابینہ کے وزیر تھے۔ شیوسینا کے ممبران اسمبلی حلف برداری میں شرکت نہیں کر سکے۔ دراصل باغی ایم ایل اے اس وقت گوا کے ہوٹل میں ہیں۔ تاہم حلف کے دوران انہوں نے گوا کے ہوٹل میں ہی جشن منایا۔ حلف برداری میں بی جے پی کے رہنما  موجودرہے۔
دیویندر فڑنویس کی تعریف کرتے ہوئے بی جے پی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ ایکناتھ شندے جی اور دیویندر فڑنویس جی کو مبارکباد۔ آج یہ ثابت ہو گیا ہے کہ بی جے پی کو کبھی بھی وزیر اعلیٰ کے عہدے کی خواہش نہیں تھی۔ 2019 کے الیکشن میں واضح مینڈیٹ نریندر مودی جی اور دیویندر جی کو ملا تھا۔ ادھو ٹھاکرے نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لالچ میں ہمیں چھوڑ دیا اور اپوزیشن کے ساتھ مل کر حکومت بنائی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی چاہتی ہے کہ دیویندر فڑنویس حکومت میں رہیں اور نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالیں۔ پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے مہاراشٹر کی نئی حکومت کو مبارکباد دی۔


سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر