Latest News

دیوبند میں گرفتاریوں کا سلسلہ جاری،آج بھی مزید تین نوجوان گرفتار۔

دیوبند میں گرفتاریوں کا سلسلہ جاری،آج بھی مزید تین نوجوان گرفتار۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نازیبا تبصرہ اور گستاخی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کار روائی کے مطالبہ کو لیکر جمعہ کی نماز کے بعد ہونے والے احتجاج کے سلسلہ میں پولیس لگاتار نوجوانوں کو گرفتار کر رہی ہے۔
پولیس نے اتوار کے روز بھی مزید تین نوجوانوں کی شناخت کی اور انہیں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ اس طریقہ سے توہین رسالت کے مرتکب افراد کے خلاف احتجاج کرنے کے معاملہ میں پولیس 11نوجوانوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج چکی ہے۔
واضح ہو کہ جمعہ کے روز بعد نماز جمعہ گستاخ رسول نوپور شرما کی گرفتاری کے مطالبہ کو لیکر احتجاج کرنے والے لوگوں کے خلاف مسلسل کار روائی اور گرفتاریاں کی جارہی ہیں ۔سنیچر کے روز پولیس نے 8نامزد افراد کو سرکاری کاموں میں رخنہ انداز ی کرنے اور بلوہ جیسی سنگین دفعات کے تحت جیل بھیجا تھا ۔اتوار کے روز ویڈیو کے ذریعہ شناخت کی بنیاد پر پولیس نے مزید تین نوجوانوں کی پہچان کی ہے جنہیں گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں یہ لوگ ہاتھ اٹھاکر نعرے لگاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
اتوار کے روز گرفتار ہونے والوں میں ابوالمعالی باشندہ زبیر اخلاق اور محلہ خانقاہ کا نوجوان عظیم شامل ہیں۔ پولیس مسلسل ویڈیو کی مدد سے احتجاج کرنے والوں کی پہچان کرکے ان کی گرفتاریاں کررہی ہے جن میں زیادہ تر نوجوان ہیں جو اسکولوں وکالجوں میں زیر تعلیم ہیں۔ ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان لڑکوں کا قصور صرف اتنا ہے کہ احتجاج کے وقت یہ بطور تماشائی سڑک پر کھڑے ہوئے تھے جنہیں پولیس احتجاج کرنے والا بتاکر جیل بھیج رہی ہے۔گرفتار شدہ نوجوانوں کے والدین کا کہنا ہے کہ پولیس بلاوجہ انہیں جیل بھیج کر ان کے مستقبل سے کھلواڑ کررہی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر