Latest News

اگنی پتھ اسکیم کو لیکر نوجوانوں کو مشتعل کرنے والے گرفتار،سہارنپور پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے بھیجا جیل۔

اگنی پتھ اسکیم کو لیکر نوجوانوں کو مشتعل کرنے والے گرفتار،سہارنپور پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے بھیجا جیل۔
سہارنپور: (سمیر چودھری)
اگنی پتھ یوجنا کے خلاف ملک بھر میں ہورہے پرتشدد مظاہروں کے درمیان سہارنپور پولیس نے اس اسکیم کے خلاف لوگوں کے کہنے پر 5فرضی آرمی ایس پرنٹس کو گرفتار کیا ہے۔ فوج میں بھرتی کے لئے شروع کی گئی مرکزی حکومت کی اگنی پتھ یوجنا کے خلاف فوج میں بھرتی ہونے والے طلبہ کو احتجاجی مظاہرہ کے لئے اکسانے کے الزام میں مختلف سیاسی جماعتوں کے پانچ کارکنان کو سہارنپور پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ ایس ایس پی سہارنپور آکاش تومر نے کہا ہے کہ ضلع کے تھانہ رام پور منہیاران سے اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت میں مظاہرہ کرنے والے پانچ فرضی آرمی ایس پرنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان پانچوں افراد کو شاملی سہارنپور روڈ ریلوے کراسنگ سے گرفتار کیا گیا ہے ، جب کہ گرفتار شدہ فرضی آرمی ایس پرنٹس سے معلومات کے دوران پتہ چلا کہ ان سب کی عمر 25سال سے زیادہ ہے اور ان میں سے کوئی بھی پولیس یا آرمی کی بھرتی کی تیاری نہیں کررہا ہے ، اس کے علاوہ یہ سبھی مختلف سیاسی جماعتوں سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔ ان میں پراگ پنوار این ایس یو آئی کا ضلع صدر ہے تو وہیں سندیپ ضلع پنچایت کا سابق رکن ہے جو فی الحال سماج وادی پارٹی کا کارکن ہے۔ سہارنپور پولیس نے جن افراد کو گرفتار کیا ہے ان میں 26سالہ پراگ پنوار ، 34سالہ سندیپ، 26سالہ موہت چودھری، 28سالہ سوربھ کمار اور 26سالہ اودے کمار شامل ہیں۔ یہ سبھی سہارنپور کے تھانہ رام پور منہیاران کے الگ الگ گاﺅں سے تعلق رکھتے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ سبھی ملزمان فوج میں بھرتی کی نئی ”اگنی پتھ “ اسکیم کی مخالفت کرنے کے لئے نوجوانوں کو اکسا رہے تھے وہیں پولیس ان سبھی پانچوں ملزمان کو گرفتار کرنے کے ساتھ ہی آگے کی جانچ کررہی ہے۔
دوسری جانب دیوبند پولیس نے شہر کے بھائیلہ روڈ سے دو نوجوانوں کو نشیلی گولیوں کے ساتھ گرفتار کیا ہے ، ملزمان کو این ڈی پی ایس کے تحت مقدمہ قائم کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ پولیس کے مطابق محلہ کائستھ واڑہ کے رہنے والے دانش اور محلہ شاہ بخاری کے رہنے والے شمشاد احمد کو نشہ کی 495گولیوں کے ساتھ گرفتار کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود نشہ کرنے کے ساتھ ہی یہ نشہ کی گولیاں دوسروں کو فروخت کرتے تھے ، پولیس نے مقدمہ قائم کرکے دونوں کو جیل بھیج دیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر