Latest News

آل انڈیا ملی کونسل کے ضلع صدر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی کی ملت اسلامیہ ہند بالخصوص سہارنپور کے مسلمانوں سے خاص اپیل۔

آل انڈیا ملی کونسل کے ضلع صدر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی کی ملت اسلامیہ ہند بالخصوص سہارنپور کے مسلمانوں سے خاص اپیل۔
سہارنپور: آل انڈیا ملی کونسل کے ضلع صدر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے جاری اپیل میں کہا کہ مسلمان ہمیشہ امن کو پسند کرتے ہیں اوراپنی سوسائیٹی و معاشرے میں اچھی باتوں کی تبلیغ کرتے ہیں، کیونکہ اسلام نے انھیں امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے۔
پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی ایک ناقابل معافی جرم ہے ،حالیہ کچھ عرصوں میں پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس سے نہ صرف یہ کہ بھارتی مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں میں برہمی پیدا ہوگئی ہے۔
لیکن دیکھا جاتا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے مشتعل ہو کر احتجاج و مظاہرے تو خوب ہوتے ہیں۔ لیکن ان کی مناسب قانونی چارہ جوئی کی فکر نہیں کی جاتی ہے۔ جبکہ اصل لڑائی پولس اسٹیشن اور کورٹ میں لڑی جاتی ہے۔ سیاسی بساط پر کچھ بھی جاری ہو لیکن قانونی لڑائی کا اثر ہمیشہ مثبت ہی رہتا ہے اور یہی طریقہ ہمیشہ ہمارے اکابرین نے اختیار کیا ہے۔
کسی بھی معاملے پراحتجاج کرنا ہماراجمہوری حق ہے اوراحتجاج ہونا چاہیے لیکن قانون کے دائرے میں رہ کرہونا چاہئے۔ہم کوشش کریں کہ کبھی بھی امن کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، قانون کے دائرے میں رہ کر ہی احتجاج کریں۔
ملکی موجودہ صورتحال کے مد نظر اور وقت کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی ضلع صدر آل انڈیا ملی کونسل سہارنپور نے برادران وطن خاص طور سے باشند گان شہر و ضلع سہارنپور سے یہ اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے واقعات کے حوالے سے کوئی بھی غیر مناسب، غیر اخلاقی و غیر قانونی قدم اٹھانے سے پرہیز کریں اور اسی طرح قبل جمعہ یا بعد جمعہ احتجاج یا مظاہرے سے احتراز رکھیں تاکہ شرپسند عناصر کو مواقع فراہم کرنے سے بچا جائے، اس کے بجائے نہایت حکمت عملی کے ساتھ آئین ہند کے دائرے میں رہتے ہوئے قانونی طور سے اپنی آواز اٹھائیں اور اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شرانگیز اور فتنہ پرور عناصر سے دور رہیں اور کوئی بھی ایسا کام کرنے سے گریز کریں کہ جس سے کسی طرح کے جانی و مالی نقصان کا اندیشہ ہو اور اللہ تعالی سے دعا کرتے رہیں ان شاء اللہ حالات بہتر ہوں گے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر