Latest News

این آئی اے کے ذریعہ دیوبند سے حراست میں لئے گئے طالبعلم کو آٹھ گھنٹے کی پوچھ تاچھ کے بعد چھوڑا، ملک کے درجنوں مقامات پر ایجنسی کی تابڑ توڑ چھاپہ ماری۔

این آئی اے کے ذریعہ دیوبند سے حراست میں لئے گئے طالبعلم کو آٹھ گھنٹے کی پوچھ تاچھ کے بعد چھوڑا، ملک کے درجنوں مقامات پر ایجنسی کی تابڑ توڑ چھاپہ ماری۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
اتوار کی علی الصبح دیوبند میں این آئی اے اوریوپی اے ٹی ایس نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران دارالعلوم دیوبند میں زیر تعلیم ایک طالبعلم کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیاتھا، جسے کئی گھنٹے کے پوچھ تاچھ میں کسی بھی مشتبہ سرگرمی میں شامل ہونے کا کوئی ثبوت نہ ملنے بعد چھوڑ دیاگیا۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اس کی تصدیق کی ہے، انہوں نے کہاکہ ایجنسی نے طالبعلم کو شک کی بنیاد پر اٹھایا تھا، اس سے کافی دیر پوچھ تاچھ کی گئی، جس میں وہ پوری طرح بے قصور ثابت ہوا،جس کے بعد اسے چھوڑ دیاگیا۔
ایس ایس پی سہارنپور ڈاکٹر وپن کمار تاڈا نے بتایا کہ اتوار کی صبح این آئی این اے نے ایک طالب علم کو شک کی بنیاد پر پوچھ تاچھ کے لئے دیوبند سے حراست میں لیا تھا، جس سے پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق یہ طالبعلم کرناٹک کا رہنے والا ہے ،جسے شک کی بنیاد صبح ایجنسیوں کے ذریعہ حراست میں لیاگیا تھا۔ یوم آزادی کے ٹھیک پہلے دیوبند میں کی گئی این آئی اے اور اے ٹی ایس کی اس کارروائی سے کھلبلی مچ گئی تھی ،لیکن دوپہر بعد بے قصور ثابت ہونے پر طالبعلم کے چھوڑے جانے کے بعد یہاں انتظامیہ نے بھی راحت کی سانس لی ہے، حالانکہ ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف مقامات پر این آئی کی چھاپہ ماری کے بعد کسی مشتبہ سرگرمیوں کے سبب اس طالبعلم کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیاگیا تھا، جس سے تقریباً آٹھ گھنٹے کی پوچھ تاچھ کی گئی لیکن پوچھ تاچھ کے دوران طالب علم سے کوئی بھی مشتبہ چیز یا کسی بھی بھی ممنوعہ سرگرمی میں شامل ہونے کا کوئی ثبوت برآمد نہیں ہوا، جس کے بعد ایجنسی نے طالبعلم کو رہا کردیا اور دارالعلوم دیوبند چھوڑ کر چلی گئی۔
واضح رہے اتوار کے روز این آئی اے نے مبینہ طورپر دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس سے تعلق رکھنے کے الزام میں ملک کی نصف درجن ریاستوں کے درجن بھر مقامات پر چھاپہ ماری کرکے کئی نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے، یہ چھاپہ ماری مشتبہ سرگرمیوں کولیکر چل رہی ہے، این آئی اے نے جن ریاستوں میں چھاپہ ماری کی ہے، ان میں مدھیہ پردیش، بہار، کرناٹک،  مہاراشٹر اور یوپی شامل ہے۔ ایجنسی نے یہ چھاپہ ماری مدھیہ پردیش کے بھوپال، رائے سین، گجرات کے صورت،ناوساری، احمد آباد، بہار کے ارریہ، کرناٹک کے بھٹکل، گمٹور، مہاراشٹر کے کولہاپور، ناندیڑ اوریوپی کے دیوبند میں کی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر