Latest News

معہد عائشہ الصدیقہ میں پانچ روزہ جشن آزادی کی تقاریب اختتام پذیر، مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے نئی نسل کو واقف کرائیں: عفت ندیم الواجدی۔

معہد عائشہ الصدیقہ میں پانچ روزہ جشن آزادی کی تقاریب اختتام پذیر، مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے نئی نسل کو واقف کرائیں: عفت ندیم الواجدی۔
دیوبند: سمیر چودھری
تعلیم نسواں کے ممتاز و معروف ادارہ معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند میں گزشتہ 15اگست سے جاری جشن آزادی کی تقاریب کے اختتامی پروگرام کاانعقاد کیاگیا۔ 
اس دوران ادارہ کی پرنسپل عفت ندیم الواجدی نے معہد میں منعقدہ پانچ روزہ تقریبات جشن آزادی کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کا سورج مجاہدین آزادی کی قربانیوں، جدوجہد اور عزم وحوصلہ کے نتیجے میں طلوع ہوا ہے، پندرہ اگست کو جب ہم جشن یوم آزادی منا رہے ہیں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان مجاہدین آزادی کو یاد کریں، ان کی قربانیوں سے نئی نسل کو واقف کرائیں اور مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت اور سلام محبت پیش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے جہاد آزادی کی قیادت کی اور شاہ عبدالعزیز کے فتوی جہاد آزادی نے تو مسلم قوم اور علماءکو جہاد آزادی کے جذبہ سے سرشار کردیا تھا،دار العلوم دیوبند کے عظیم فرزند حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندی ؒ کی تحریک ریشمی رومال دار العلوم دیوبند کی خدمات آزادی کا روشن عنوان ہے۔ 
طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو چاہیے کہ جہاد آزادی کی تاریخ کا مطالعہ کریں اور اپنے آباواجداد کے کارناموں سے واقفیت حاصل کریں،انہوں نے کہا کہ جہاد آزادی میں مسلم خواتین کا کردار بھی ناقابل فراموش ہے، بیگم حضرت محل، بی اماں،امجدی بیگم، نشاط النساءبیگم،زلیخا بیگم جیسی سیکڑوں اور ہزاروں ہندو ومسلم خواتین نے جہاد آزادی میں حصہ لیا۔
قبل ازاں معہد کی ناظم تعلیمات معلمہ ثمرین نے پرچم کشائی کی اور اساتذہ اور معلمات نے پرچم کو سلامی پیش کی، تقریب آزادی کا آغاز معہد کی طالبہ سہیلہ منی پور، ثانیہ نوشاد کی تلاوت کلام پاک اور نعتیہ کلام سے ہوا، جب کہ ترانہ ہندی اقراءرضوان نے پڑھا، دریں اثناءطالبات نے جہاد آزادی پر مشتمل تقریریں، مکالمے اور مختلف تاریخی پروگرام پیش کئے۔ پروگرام کا اختتام معہد کی پرنسپل محترمہ عفت ندیم الواجدی کی دعا پر ہوا،اس موقع پر معہد کی طالبات اور اسٹاف موجود رہا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر