Latest News

اے ایم پی نے مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کو دیا یوپی کی بیسٹ این جی اوکا ایوارڈ، سوسائٹی سماج کے ہر طبقہ کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے کام کرتی ہے: سعد صدیقی، مولانا سید ارشد مدنی کوںپش کیا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ۔

اے ایم پی نے مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کو دیا یوپی کی بیسٹ این جی اوکا ایوارڈ، سوسائٹی سماج کے ہر طبقہ کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے کام کرتی ہے: سعد صدیقی، مولانا سید ارشد مدنی کوںپش کیا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ۔
دیوبند: سمیر چودھری
سماجی تنظیموں (این جی اوز) کے کاموں کی حوصلہ افزائی کرنے والی تنظیم ایسوسی ایشن مسلم پروفیشنل (اے ایم پی) کے ذریعہ مدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی کو 2022میں اترپردیش کی سب سے بہترین این جی او کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ مدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی کو ریاست کی سب سے بہترین این جی او کا ایوارڈ دیئے جانے پر شہر کے سرکردہ افراد نے سوسائٹی کے چیئرمین سعد صدیقی اور سکریٹری احمد صدیقی کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے سماجی کاموں کی تعریف کی۔
76ویں یوم آزادی کے موقع پر اے ایم پی کی جانب سے منعقدہ آن لائن پروگرام میں دوسرے اے ایم پی نیشنل ایوارڈ اور سوشل ایکسی لینس 2022کا اعلان کیا گیا، جس میں جمعیة علماءہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی کو ان کی مذہبی اور سماجی خدمات کے لئے لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ پیش کیا گیا، جب کہ مسلم پرسنل لاءبورڈ کے سابق ترجمان مولانا سجاد نعمانی کی تنظیم رحمن فاﺅنڈیشن کو ہندوستان کا بیسٹ این جی او ایوارڈدیا گیا۔ وہیں دیوبند کی مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کو اے ایم پی کی جانب سے اترپردیش کے بیسٹ سماجی تنظیم کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اے ایم پی کی جانب سے ملک بھر کی سیکڑوں نامور تنظیموں میں سے 14قومی تنظیموں اور 82ریاستی تنظیموں کو ان کی سماجی خدمات کے پیش نظر بیسٹ این جی او ایوارڈ دیا گیا ہے۔جس میں خاص طو ر سے ہمدرد نیشنل فاﺅنڈیشن، ہیومن ویلفیئر فاﺅنڈیشن، اسلامک سینٹر آف انڈیا، عیسیٰ فاﺅنڈیشن، جمعیة اوپن اسکول، رحمن فاﺅنڈیشن اور زکوٰة فاﺅنڈیشن شامل ہیں۔ 
اے ایم پی کے چیئرمین عامر ادریسی نے بتایا کہ سماجی خدمات کے میدان میں بہترین خدمات پیش کرنے والوں کی ان کی تنظیم ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم پی مقابلہ نہیں بلکہ تعاون پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کے سماجی کاموں کی تعریف کی، خاص طو رپر سوسائٹی کی جانب سے تعلیم اور صحت کے میدان میں کی جارہی خدمات کی ستائش کی۔ فاروق صدیقی پروجیکٹر ہیڈ این جی او کنیکٹ نے مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کی سماج کے لئے کی جانے والی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے اترپردیش کی بیسٹ سماجی تنظیم کے ایوارڈ سے نوازا۔ 
سوسائٹی کے چیئرمین سعد صدیقی اور سکریٹری احمد صدیقی نے اے ایم پی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کے قیام کا مقصد غریب اور سماج کے دبے کچلے اور پسماندہ طبقات کو برابری کا حق دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سوسائٹی خاص طو ر سے تعلیم، صحت اور جنرل ویلفیئر کے میدان میں کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں پسماندہ اور مالی طو ر سے کمزور طلبہ وطالبات کو اسکالر شپ دے کر انہیں آگے بڑھانے کے مواقع مہیا کراتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی سماج کے ہر طبقے تک بہتر طبی سہولیات پہنچانے کے لئے ہمیشہ آگے رہتی ہے۔ سعد صدیقی نے بتایا کہ سوسائٹی سماج کی دیگر ضروریات کے لئے بھی برابر کام کررہی ہے۔ 
مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کو مذکورہ ایوارڈ ملنے پر شہر کے سرکردہ افراد بالخصوص معروف عالم دین مولانا ندیم الواجدی، جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹرانور سعید، ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید، یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹرعبید اقبال عاصم اور مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی وغیرہ نے سوسائٹی کے چیئرمین سعد صدیقی اور سکریٹری احمد صدیقی کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے سماجی کاموں کی تعریف کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر