Latest News

مرکزی حکومت کا سقوطِ حیدرآبادکی ۷۵ ویں سالگرہ پر سال بھر خوشی منائے جانے کا عندیہ، اویسی کے مطالبے کے بعد وزیر اعلیٰ تلنگانہ کا قومی یکجہتی دن منانے کا اعلان۔

مرکزی حکومت کا سقوطِ حیدرآبادکی ۷۵ ویں سالگرہ پر سال بھر خوشی منائے جانے کا عندیہ، اویسی کے مطالبے کے بعد وزیر اعلیٰ تلنگانہ کا قومی یکجہتی دن منانے کا اعلان۔
نئی دہلی:  مرکزی حکومت سقوطِ ریاست حیدرآباد کے 75 سال مکمل ہونے پر ایک سال طویل پروگرام کا اہتمام کرنے کا عندیہ دیا ہے۔مرکزی وزیر ثقافت جی کشن ریڈی نے ہفتہ کو اس کی جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ 17 ستمبر کو تقریب کا افتتاح کریں گے۔ریڈی نے اس سلسلے میں تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹر کے وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ کر انہیں حیدرآباد پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے افتتاحی تقریب میں مدعو کیا ہے۔ 3 ستمبر کو اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ مختلف پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد حکومت ہند نے حیدرآباد ریاست کی آزادی (سقوطِ حیدرآباد )کی 75 ویں سالگرہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت ہند نے اس موقع پر 17 ستمبر 2022 سے 17 ستمبر 2023 تک سال بھر کے پروگراموں کی منظوری دی ہے۔ ریڈی نے تینوں وزرائے اعلیٰ سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنی ریاستوں میں تقریب کے پروگرام کی ترتیب دیں۔ادھر حیدرآباد سے ممبر پارلیمنٹ اور مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد کے یونین آف انڈیا کے ساتھ الحاق کے موقع پر 17 ستمبر کو قومی یکجہتی کے دن کے طور پر منایا جانا چاہیے۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی کا یہ بیان بی جے پی کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی جانب سے 17 ستمبر کو سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقریب منانے کا فیصلہ کیا ہے۔خبر کے مطابق اس سلسلہ میں سب سے پہلے آر ایس ایس نے سقوط حیدرآباد کی ایک سالہ تقاریب منانے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کے لیے بی جے پی نے نظام کے خلاف ہندوؤں کو متحد کرنے اور چیف منسٹر کے سی آر کو پریشان کرنے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے جس پر مرکزی حکومت نے اس کی متابعت کرتے ہوئے سرکاری تقاریب منانے کا فیصلہ کیا۔دریں اثناء تلنگانہ کابینہ کے اجلاس میں آج اہم فیصلہ لیا گیا ہے۔ ریاستی کابینہ نے حیدرآباد اسٹیٹ کے بھارت میں ضم ہونےاور اس کے 75 ویں سال میں داخل ہونے کے موقع پر ' تلنگانہ قومی یکجہتی کا دن منانےکا فیصلہ کیا ہے۔17 ستمبر کو ریاست میں 'تلنگانہ قومی یکجہتی کا دن منایا جائے گا تاہم 16 ،17 اور 18 ستمبر کو اس سلسلے میں تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ تلنگانہ حکومت نے ان تقاریب کو جوش وخروش کے ساتھ منانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی کے سی آر کی صدارت میں پرگتی بھون میں کابینہ کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔خیال رہے کہ حیدرآباد ریاست نظام کے تحت تھی ، جسے فوجی ایکشن کے ساتھ’ آپریشن پولو‘ کے تحت ہندوستان کے ساتھ انضمام کے لیے ایک مہم شروع کی گئی، جو 17 ستمبر 1948 کو ختم ہوئی، اس پولیس ایکشن آپریشن پولو میں تقریباً 35سو ہندوستانی مسلح افواج نے شرکت کی تھی ، جس میں ہزاروں لوگوں کی موت ہوئی تھی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر