اندر دارالعلوم نے کی حمایت اور باہر کانگریس کرتی رہی مدرسہ سروے کی مخالفت۔
دیوبند: یوگی حکومت کی جانب سے غیر تسلیم شدہ مدارس کے سروے کو لے کر دارالعلوم دیوبند میں منعقد ریاست کے اہلِ مدارس کی کانفرنس میں جہاں میڈیا اور اپوزیشن جماعتوں کو اس سروے کی مخالفت کی توقع تھی، وہیں دارالعلوم دیوبند کی جانب سے سروے کی حمایت کافیصلہ کیا گیا۔ جس سے کئی میڈیا ہاؤسز کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں کو بھی بڑا جھٹکا لگا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ دارالعلوم دیوبند کے باہر مدارس کے سروے کی مخالفت کو لیکر احتجاجی دھرنا دے رہے کانگریس اقلیتی مورچہ کے کارکنان کو دارالعلوم کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یوگی حکومت سروے کے نام پر خاص طبقہ کو نشانہ بنا رہی ہے۔
اتوار کو دارالعلوم دیوبند میں سروے کے لیے منعقدہ مدرسہ منتظمین کی کانفرنس کے دوران ریاستی اقلیتی مورچہ کانگریس نے دارالعلوم دیوبند کے باہر ریاستی نائب صدر ڈاکٹر خالد محمد خان، شہر صدر تنظیم صدیقی، نائب صدر وصی احمد اور ہمایو بیگ کے ساتھ کانگریس کارکنوں نے سروے کے خلاف احتجاج کیا۔
اس دوران ڈاکٹر خالد محمد خان نے سروے کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے مدارس کے سروے کو سیاسی سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مدارس کے سروے کے نام پر ایک مخصوص کمیونٹی کو نشانہ بنانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے تعلیم اور اسکولوں کے نظام پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
سمیر چودھری۔
0 Comments