Latest News

دیوبند میں تین ہفتہ سے لاپتہ بزرگ شخص کی لاش نہرسے برآمد۔

دیوبند میں تین ہفتہ سے لاپتہ بزرگ شخص کی لاش نہرسے برآمد۔
دیوبند:سمیر چودھری۔
مشتبہ حالت میں گزشتہ 22روز سے غائب ایک بزرگ کی لاش گنگ نہر میں ملنے سے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا ، پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ بزرگ کی اسکوٹی گاﺅں کرڈی کے نزدیک نہر کے کنارے ملی ہے ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق محلہ پٹھانپورہ کے رہنے والے 65سالہ خالد خان گزشتہ 5ستمبر کی رات تقریباً 9بجے اپنی اسکوٹی پر سوار ہوکر گھر سے کہیں چلے گئے تھے جس کے بعد سے اہل خانہ ان کی تلاش کررہے تھے ۔ 6ستمبر کو دیوبند تھانہ میں ان کی گمشدگی درج کرائی گئی تھی، جس کے بعد سے پولیس بھی خالد خان کی تلاش میں لگی ہوئی تھی، گزشتہ کل دوپہر دیوبند پولیس کو گاﺅں کرڈی کی پلیا کے نزدیک نہر کے اندر کنارے پر کسی نامعلوم اسکوٹی ہونے کی اطلاع ملی تھی ، اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے نمبر پلیٹ سے اسکوٹی کی شناخت خالد خان کی اسکوٹی کے طور پر کی۔ جس کے بعد پولیس نے موقع پر خالد خان کے اہل خانہ کو بلایا ، اسکوٹی کی شناخت کے بعد ریلوے روڈ پولیس چوکی انچارج وپن تیاگی اور خالد خان کے بھائی وسماج وادی پارٹی اقلیتی سیل کے سابق قومی سکریٹری اسلم مکھیا سمیت اہل خانہ کے افراد گنگ نہر میں خالد خاں کی تلاش میں لگ گئے ،شام تقریباً 7بجے دہلی روڈپر نانوتہ کے گاﺅں چندھیڑی کے نزدیک نہر کے کنارے خالد خان کی لاش ملی ۔ اہل خانہ نے لاش کی شناخت کی،جس کے بعد پولیس نے پنچ نامہ بھرتے ہوئے اسے پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ خالد خاں کی لاش ملنے سے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا ۔ آج صبح پوسٹ مارٹم کے بعد خالد خاں کی لاش کو گھر لایا گیا جس کے بعد آج بعد نماز ظہر ان کی نماز جنازہ محلہ پٹھانپورہ میں واقع بڑی جامع مسجد میں ادا کرائی گئی اور آبائی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ نماز جنازہ میں شہر کے بڑی تعدادمیں لوگوں نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر