Latest News

دارالعلوم دیوبند میں رابطہ کے اجلاس کی تیاریاں جاری، 29 کو عاملہ اور 30 اکتوبر کو منعقد ہوگا عمومی اجلاس، ملک کے بھر کے ساڑھے چار ہزار علماءکرینگے شرکت۔

دارالعلوم دیوبند میں رابطہ کے اجلاس کی تیاریاں جاری، 29 کو عاملہ اور 30 اکتوبر کو منعقد ہوگا عمومی اجلاس، ملک کے بھر کے ساڑھے چار ہزار علماءکرینگے شرکت۔
دیوبند: سمیر چودھری۔
اترپردیش میں مدارس کے سروے مکمل ہونے اور اس کی میڈیا میں آئی رپورٹوں کے درمیان عظیم علمی دانش گاہ دارالعلوم دیوبند میں کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کا اجلاس منعقد ہونے جارہا ہے، جس کے لئے دارالعلوم دیوبند میں بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں، اجلاس میں ملک بھر کے ساڑھے چار ہزار مربوط مدارس کے ذمہ داران شرکت کرینگے، خاص بات یہ ہے کہ دارالعلوم دیوبند کی جانب اس اجلاس میں تمام مربوط مدارس کے ذمہ داران کی شرکت کو یقینی بنایاگیاہے۔
رابطہ مدارس کاعمومی اجلاس اتوار کے روز جامع رشید میں صبح نوبجے سے ایک نشست میں منعقد ہوگا جبکہ اس سے قبل 29 اکتوبر کو بعد نماز مغرب دارالعلوم دیوبند کے مہمان خانہ میں رابطہ کی مجلس عاملہ منعقد ہوگی۔ جس میں رابطہ کے جملہ پچاس ارکان کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس کے دوران ایک طرف مدارس کی سروے کی رپورٹ اور دوسری جانب سے مدارس کے نصاب میں جدید علوم کے تقاضوں کے اضافہ پر غور وفکر کیاجاسکتاہے۔ مدارس اسلامیہ کے درپیش مسائل اور موجودہ حالات کے چیلنجز کے سدبات و تعلیمی نظام و تربیت میں مزید بہتری کی غرض سے دینی تعلیم کی ممتاز اور مرکزی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے اس کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند کا اہم اجلاس کو طلب کیا ہے۔دارالعلوم دیوبند کی جانب سے اس اجلاس کے سلسلہ میں تیاریاں بڑے پیمانے پر جاری ہیں ۔گزشتہ 12-13ستمبر کو مجلس شوریٰ کے اجلاس کے دوران کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کا اجلاس منعقد کئے جانے کا فیصلہ لیا گیا تھا ۔اس سلسلہ میں دارالعلوم دیوبندکی جانب سے ایک ماہ قبل ہی باقاعدہ رابطہ مدارس اسلامیہ سے منسلک تمام مدارس کے لئے ایجنڈہ خطوط اور دعوت نامے ارسال کردئیے گئے تھے ۔دارالعلوم دیوبند کی جانب سے جاری کردہ تحریر مکتوب میں کہا گیا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے 30 اکتوبر 2022کو کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کا عمومی اجلاس منعقد کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس سے قبل 29اکتوبر کو کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کی مجلس عاملہ کی اہم میٹنگ دارالعلوم دیوبند میں منعقد کی جائے گی اور اگلے روز یعنی 30اکتوبر کو مدارس کے ذمہ داران کا عمومی اجلاس دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں منعقد کیا جائے گا ۔اجلاس کے دوران مدارس کے مسائل کے حل کئے جانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اس کے علاوہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور دیگر مسائل بھی زیر غور لائے جائیں گے۔
واضح ہوکہ کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند مدارس کی سب سے بڑی تنظیم ہے جس سے پورے ملک کے ساڑھے چار ہزار سے زائد مدارس اسلامیہ منسلک ہیں ۔ایساامکان ظاہر کیاجارہاہے کہ موجودہ حالات کے تناسب میں مدارس میں عصری وجدید تعلیم کی لازمیت سے متعلق بھی اس اجلاس میں غور و خوض کیاجائیگا۔دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے بتایا کہ مدارس اسلامیہ کے نظام تعلیم و تربیت میںبہتری کے علاوہ مدارس کے انتظامی امور کو چست درست رکھنا اور درپیش مسائل کا حل کرنا دارالعلوم دیوبند کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ اسی لئے دارالعلوم دیوبند نے کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کا باقاعدہ ایک شعبہ قائم کررکھا ہے جس کا اجلاس وقفہ وقفہ بلایا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے منعقدہ اجلاس میں نظام تعلیم اور در پیش مسائل پر غور وفکر کرکے ان کے حل کے لئے ضروری اقدامات کئے جاتے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر