Latest News

بنگال میں درگا وسرجن کے دوران سیلابی ریلا، ۸؍ہلاک۔

بنگال میں درگا وسرجن کے دوران سیلابی ریلا، ۸؍ہلاک۔
 
کولکاتہ: مغربی بنگال کے جلپائی گوڈی ضلع کے مالبازار میں دریائے مال میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے کئی درجن افراد بہہ گئے، جن میں سے 8 کی موت ہو گئی، جبکہ متعدد لاپتہ ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق لاپتہ ہونے والوں کی تعداد 40 کے قریب ہے۔ رپورٹ کے مطابق مقامی لوگ درگا دیوی کی مورتیوں کے وسرجن کے لیے وہاں جمع ہوئے تھے۔جلپائی گوڈی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مومیتا گودارا باسو نے سات افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا ’’رات نو بجے متعدد لوگ مال ندی کے کنارے جمع ہوئے تھے لیکن اچانک سیلاب آنے کی وجہ سے ان میں سے بہت سے افراد پانی میں بہہ گئے۔ انتظامیہ نے فوری طور پر وہاں مورتیوں کا وسرجن روک دیا۔ بدھ کی شام تک 4 لاشیں نکالی جا چکی تھیں۔‘‘جلپائی گوڈی ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ دیورشی دتا نے کہا کہ ابتدائی طور پر صرف دو لاشیں نکالی گئی تھی اور ریسکیو آپریشن شروع کئے جانے کے بعد مزید 5 لاشیں نکالی گئیں۔ دتا نے کہا، "ریسکیو آپریشن ضلع پولیس، ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیموں کے ذریعے چلایا گیا۔" تاہم ریاستی پولیس ذرائع نے بتایا کہ شام کے اوقات کی وجہ سے ریسکیو ٹیم کو امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ایک ضلعی پولیس افسر نے گزشتہ شام کہا، "تصور کیا جا رہا ہے کہ کل صبح تک ہلاکتوں اور لاپتہ افراد کی صحیح تعداد کا پتہ لگانے میں مزید چند گھنٹے لگیں گے۔‘‘ مال اسمبلی حلقہ کے مقامی ترنمول کانگریس ایم ایل اے بُلو چِک باریک نے کہا کہ انتظامیہ کے علاوہ مقامی لوگ بھی بچاؤ ٹیم کی مدد کر رہے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر