Latest News

امبانی اوران کے اہل خانہ کو دھمکی دینے والاملزم بہار سے گرفتار، راکیش مشرا کودربھنگہ سے ممبئی لایاگیا، دھمکی کےلیے استعمال ہونے والا موبائل برآمد۔

امبانی اوران کے اہل خانہ کو دھمکی دینے والاملزم بہار سے گرفتار، راکیش مشرا کودربھنگہ سے ممبئی لایاگیا، دھمکی کےلیے استعمال ہونے والا موبائل برآمد۔
 ممبئی: (محمد رفیع ساگر )ہندوستانی صنعت کار اور ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی اور ان کے کنبے کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے معاملے میں پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ اس معاملے میں ممبئی پولیس نے دربھنگہ ضلع کے منی گاچھی تھانہ کی پولیس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے سے ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔ جس موبائل فون سے دھمکی دی گئی تھی اسے بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ متعلقہ شخص کی جانب سے سر این ایچ رلائنس فاؤنڈیشن اسپتال کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی بھی دی گئی تھی ۔یہ دھمکی آمیز فون کال اسپتال کے لینڈ لائن نمبر پر کی گئی جس کے بعد مکیش امبانی کی رہائشگاہ ’انتیلیا‘ کے باہر سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ اس معاملے میں ممبئی میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات کو ممبئی پولیس نے دربھنگہ کے منی گاچھی تھانہ علاقے کے برہم پورہ گاؤں میں چھاپہ مارا۔ پولیس نے برہم پورہ گاؤں کے رہنے والے 30 سالہ راکیش کمار مشرا کو مکیش امبانی اور ان کےکنبے کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پورے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ایس پی اوکاش کمار نے کہا کہ ممبئی پولیس راکیش کمار مشرا کو اپنے ساتھ ممبئی لے گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ راکیش مشرا کے والد سنیل کمار مشرا ہیں جو ایک سرکاری ملازم ہیں۔اب تک راکیش کے خلاف یہاں دربھنگہ کے کسی تھانے میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں پائے گئے ہیں۔پولیس اس پورے واقعہ میں راکیش سے پوچھ گچھ کرے گی۔ برہم پورہ میں پولیس کی اچانک آمد سے گاؤں والے بھی حیران رہ گئے۔ ان کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ کیا ہوا ہے۔ بعد میں ساری بات معلوم ہوئی۔منی گاچھی انچارج رنجیت کمار چودھری نے بتایا کہ جس موبائل سے مبینہ طور پر دھمکی دی گئی تھی اسے بھی ممبئی پولیس ضبط کرکے لے گئی ہے۔ حال ہی میں مکیش امبانی کو دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد وزارت داخلہ نے ان کی سیکورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ انٹیلی جنس ان پٹ کے بعد وزارت داخلہ نے مکیش امبانی کی سیکورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خطرے کی سنگینی کا اندازہ لگاتے ہوئے وزارت داخلہ نے امبانی کو زیڈ پلس سیکورٹی دی ہے۔ اس سے پہلے مکیش امبانی کو 'زیڈ زمرہ کی سیکورٹی دی گئی تھی۔ پچھلے سال، وزارت داخلہ ارب پتی صنعت کار مکیش امبانی کی رہائش گاہ اینٹیلیا کے باہر ایک بم پھٹنے کے بعدملک کے صنعت کاروں کے لیے سیکورٹی کو مضبوط کرنے پر بات کر رہی تھی۔خطرات کا اندازہ لگانے کے بعد، سیکیورٹی کیٹیگری کو پانچ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ایک فرد کو تفویض کیا گیا ہے۔ یہاں ایس پی جی، زیڈپلس،زیڈ ،وائی، ایکس اور مزید حفاظتی درجہ بندیاں بھی موجود ہیں۔ اس طرح کا تحفظ وی آئی پی اور وی وی آئی پی شخصیات کھلاڑیوں، تفریح کے شعبے سے تعلق رکھنے والوں اور دیگر ہائی پروفائل یا سیاسی شخصیات کو دستیاب ہے۔ زیڈ پلس سیکورٹی کور ہندوستان میں تسلیم شدہ شخصیات کو پیش کیا جاتا ہے۔ ملک کے ایسے لوگ جن کی جان کو اپنے کام یا اپنی مقبولیت کی وجہ سے خطرہ ہے۔ خفیہ ایجنسی ان کے بارے میں تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ وزارت داخلہ کو بھیجتی ہے۔ محکمہ انٹیلی جنس کی جانب سے دی گئی رپورٹ کی بنیاد پر اگر انہیں ملک میں موجود سماج دشمن طاقتوں سے خطرہ لاحق ہو تو ان کی حفاظت کے لیے کئی طرح کی سیکیورٹی دی جاتی ہے۔زیڈ پلس ، سیکیورٹی کی دوسری اعلی ترین سطح ہے۔ یہ سیکیورٹی کوریج 55 افراد پر مشتمل ٹیم پر مشتمل ہے جو کسی معزز فرد کی حفاظت کے لیے تعینات ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر