Latest News

حجاب کے معاملہ میں ایران کے حوالے پر اعتراض، ایرانی حکومت ہندوستان کے ساتھ معاملہ اُٹھائے گی۔

حجاب کے معاملہ میں ایران کے حوالے پر اعتراض، ایرانی حکومت ہندوستان کے ساتھ معاملہ اُٹھائے گی۔
نئی دہلی: ملک میں جاری حجاب کے تنازع میں ایران کی بھی انٹری ہوگئی ہے اور اس معاملے میں نیا موڑ آگیا ہے۔ایران نے اس بات کو لے کر اعتراض کیا ہے کہ ہندوستان کی عدالتوں میں ایران کے حجاب تنازعہ کی جو تصویر پیش کی جارہی ہے اور حجاب کی مخالفت کی مثال میں ایران کا نام لیا جا رہا ہے وہ سراسر غلط ہے۔
ایران اس معاملے کو ہندوستانی حکومت کے ساتھ سفارتی سطح پر اٹھائے گا۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے ہندوستان میں نمائندے مہدی مہدوی پور نے دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں یہ بات کہی جا رہی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں حجاب کی مخالفت ہو رہی ہے وہ سراسر غلط ہے کیونکہ ایران کے اکثر لوگ حجاب پہنتے ہیں اور حجاب کی حمایت کرتے ہیں ۔مہدوی پور نے کہا کہ حجاب کے حوالے سے بھارت میں جاری تنازعہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہے، ہم اس میں مداخلت نہیں کریں گے، یہاں کے لوگوں کو اپنا فیصلہ خود لینا ہے، لیکن ایران کی مثال دے کر حجاب کی مخالفت کی بات کرنا غلط ہے۔ اسلامی ملک ایران کی شبیہ حجاب کی مخالفت میں پیش کرنے کے مسئلہ کو ہم ہندوستانی حکومت کے سامنے سفارتی سطح پر اٹھائیں گے۔ سفیر ہند ایران سے ہماری بات ہوئی ہے۔ کہ اس مسئلے کو سفارتی سطح پر اٹھایا جائے گا۔مہدی مہدوی پور نے کہا کہ ہم ہندوستان کے اندرونی معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہر ملک کا اپنا کلچر ہوتا ہے اور مختلف قسم کے قوانین ہوتے ہیں، اسلام میں حجاب ضروری ہے اور اس کی 1400 سال سے سنی یا شیعہ علماء کوئی بھی مخالفت نہیں کرتا ہے۔ ایران میں حجاب پہننا قانونی طور پر ضروری ہے لیکن حجاب نہ پہننے پر کوئی سزا یا جرمانہ نہیں ہے، صرف کونسلنگ کی جاتی ہے، ایک بھی ایسا کیس نہیں جس میں حجاب نہ پہننے پر سزا دی گئی ہو لیکن بعض جگہوں پر بغیر حجاب کے داخلہ ممنوع ہے اسی طرح قومی ٹیم میں سلیکشن نہیں ہوتا ہے۔
ایران میں حجاب کے خلاف احتجاج کا چہرہ بننے والی مہسہ امینی پر ایران کا کہنا تھا کہ مہسہ امینی کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، اس کے پہلے بھی کئی آپریشن ہوچکے تھے، اک کے سر کا آپریشن بھی ہوا تھا،مہسہ کے والدین نے قبول کیا ہے کہ اس پر کوئی تشدد نہیں ہوا، مورال پولیس نے اسے دیکھا، اس کے کپڑے ٹھیک نہیں تھے، اسے کونسلنگ سینٹر لے جایا گیا جہاں اس کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا، آٹھ سال کی عمر میں اس کا آپریشن ہواتھا اس کی موت صرف ایک حادثہ تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر