دیوبند میں الگ الگ حادثوں میں دو کی موت، نامعلوم گاڑی نے ہوم گارڈ کو کچلا،ٹرالی کے نیچے دب کر مزدور کی موت۔
دو الگ الگ سڑک حادثات میں دو لوگوں کی موت واقع ہوگئی جس سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق لکڑی سے بھری ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر پلٹ گئی جس کے نیچے دب کر ایک مزدور کی موت واقع ہوگئی ، جب کہ دو شدید طو رسے زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد موقع پر افراتفری مچ گئی ، گاﺅں کے باشندوں نے لکڑیاں ہٹاکر مزدوروں کو ان کے نیچے سے نکالا اور پولیس کو اطلاع دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے سبھی کو دیوبند کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا۔ ایک دوسرے واقعہ میں ڈیوٹی پر تعینات ہوم گارڈ کی اسٹیٹ ہائی وے پر نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر موت ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ بڑگاﺅں تھانہ علاقہ کے گاﺅں بڑھیڑی مجتبیٰ سے پاپولر کی لکڑی بھرکر آرہی ٹریکٹر ٹرالی نانوتہ دیوبند روڈ پر گاﺅں لبکری میں کھجوری گوہر کے نزدیک بے قابو ہوکر سڑک پر پلٹ گئی ۔ ٹرالی پر سوار مزدور شیو کمار عرف گڈو ولد مدن ، پرمود ولد نرما اور سشیل ولد راجبل ساکن بڑھیڑی مجتبیٰ لکڑیوں کے نیچے دب گئے ۔ اس حادثہ کے بعد موقع پر افراتفری مچ گئی ، گاﺅں کے باشندوں نے فوراً لکڑیاں ہٹاکر ان کے نیچے سے مزدوروںکو نکالا اور پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے سبھی کو سرکاری اسپتال میں داخل کرایا ، جہاں علاج کے دوران سشیل کی موت واقع ہوگئی ۔ پولیس نے سشیل کا پنچ نامہ بھرکر اسے پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ، جب کہ دونوں زخمیوں کو ہایئر سینٹر ریفر کردیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ۔ دوسرے واقعہ میں آج صبح اسٹیٹ ہائی وے پر واقع گھلولی چیک پوسٹ پر تعینات 3۵سالہ ہوم گارڈ وشنو ولد مامراج، ساکن جڑودہ جٹ کو کسی نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماردی جس سے وشنو شدید طور سے زخمی ہوگیا ۔ موقع پر پہنچی پولیس نے فوراً ہوم گارڈ کو دیوبند کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیدیا ۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور نامعلوم گاڑی کی تلاش میں لگ گئی۔ وشنو کی اچانک موت سے اس کے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔
0 Comments