Latest News

گیان واپی مسجد۔ شرنگار گوری معاملہ: کاربن ڈیٹنگ کے خلاف مسلم فریق نے پیش کی دلیل، آئندہ سماعت ۱۴ اکتوبر کو۔

گیان واپی مسجد۔ شرنگار گوری معاملہ: کاربن ڈیٹنگ کے خلاف مسلم فریق نے پیش کی دلیل، آئندہ سماعت ۱۴ اکتوبر کو۔
وارانسی: آج وارانسی کی عدالت میں گیان واپی مسجد اور شرنگار گوری معاملے میں کاربن ڈیٹنگ کو لے کر اہم سماعت ہوئی۔ ہندو فریق کے ذریعہ گیان واپی مسجد میں موجود مبینہ شیولنگ کی کاربن ڈیٹنگ کو لے کر داخل عرضی پر 11 اکتوبر کو مسلم فریق نے اپنے دلائل پیش کیے۔ مسلم فریق کاربن ڈیٹنگ کی مخالفت کر رہا ہے، اور اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ کاربن ڈیٹنگ سے یہ ثابت نہیں ہو سکتا کہ جس پتھر کو شیولنگ کہا جا رہا ہے، وہ دراصل فوارہ ہے۔واضح رہے کہ وارانسی کی عدالت نے گیان واپی مسجد مینجمنٹ کو عرضی دہندگان (چار خواتین) کی عرضی پر جواب داخل کرنے کو کہا تھا جس کے بعد آج مسلم فریق نے عدالت میں اپنی طرف سے دلیل پیش کی۔ اب اس معاملے میں آئندہ سماعت کے لیے 14 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔دراصل رواں سال مئی میں گیان واپی مسجد کا سروے کیا گیا تھا۔ اس دوران ہندو فریق نے دعویٰ کیا تھا کہ مسجد کے وضوخانہ کے درمیان میں ایک شیولنگ دریافت ہوا ہے۔ حالانکہ مسلم فریق اسے لگاتار فوارہ بتا رہا ہے۔ عرضی دہندگان کا مطالبہ ہے کہ شیولنگ کی کاربن ڈیٹنگ کے ساتھ ساتھ سائنسی جانچ کرائی جائے۔ اس کے ساتھ ہی ان کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ اس کے لیے شیولنگ کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچایا جائے۔ عرضی دہندگان کے مطابق کاربن ڈیٹنگ کا مقصد یہ پتہ کرنا ہے کہ یہ فوارہ ہے یا شیولنگ۔قابل ذکر ہے کہ کاربن ڈیٹنگ کو لے کر ہندو فریق گزشتہ سماعت کے دوران ہی اپنی بات رکھ چکا ہے۔ یعنی عدالت مسلم فریق کے دلائل سننے کے بعد کوئی فیصلہ سنائے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ سماعت میں بھی مسلم فریق کی طرف سے کچھ دلائل پیش کیے جائیں گے۔ کاربن ڈیٹنگ معاملے میں جلد ہی کوئی فیصلہ صادر کیے جانے کی بھی امید کی جا رہی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر