Latest News

پی ایف آئی کے چار اراکین شاہین باغ سے گرفتار، ممبئی میں پانچ مبینہ اراکین کی تحویل میں ۸؍ اکتوبر تک توسیع۔

پی ایف آئی کے چار اراکین شاہین باغ سے گرفتار، ممبئی میں پانچ مبینہ اراکین کی تحویل میں ۸؍ اکتوبر تک توسیع۔
نئی دہلی:  ممنوعہ تنظیم پاپولرفرنٹ آف انڈیا(PFI) کے چارارکان کو دہلی پولیس کی ایک خصوصی ٹیم نے شاہین باغ علاقے سے گرفتار کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ان چاروں ارکان کو پولیس نے اتوار کی رات گرفتار کیا تھا۔ حال ہی میں دہلی پولیس نے ممنوعہ پی ایف آئی کے ارکان کیخلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کی دفعات کے تحت ایک نیا مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان پابندی کے باوجود سرگرم ہیں۔ وہ پی ایف آئی کے نظریے کو پھیلا رہے تھے اور نئے ممبرز بنا رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ وہ جامعہ، اوکھلا اور شاہین باغ میں سرگرم تھے۔ ہم نے ایک ٹیم تشکیل دی اور اتوار کی رات چھاپہ مارا۔ چھاپے میں، ہم نے چار لوگوں کو گرفتار کیا، جو پی ایف آئی کے ممبر تھے۔ عہدیدار نے کہا کہ حال ہی میں جب مرکزی ایجنسیاں شاہین باغ سمیت ملک بھر میں چھاپے مار رہی تھیں، تو انہیں احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔پولیس نے کہا کہ شاہین باغ میں این آئی اے کے چھاپے کے دوران ان چاروں ملزمان نے سازش رچی اور سرکاری افسران کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالی۔ انہوں نے شاہین باغ اور جامعہ میں پی ایف آئی کا مضبوط نیٹ ورک بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اہلکار نے بتایا کہ چار گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ کی بنیاد پرعلاقے سے کچھ اور گرفتاریوں کا امکان ہے۔

پی ایف آئی کے پانچ مبینہ اراکین کی تحویل میں ۸؍ اکتوبر تک توسیع۔
ممبئی: ممبئی کی ایک عدالت نے پیر کو پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے پانچ مبینہ ارکان کی اے ٹی ایس حراست میں۸؍ اکتوبر تک توسیع کر دی۔ اسے مہاراشٹر میں کئی ایجنسیوں کے چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ ۲۲ستمبر کو، ملک بھر میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی قیادت میں کئی ایجنسیوں کے ذریعہ کئے گئے چھاپوں کے دوران مہاراشٹر کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے پانچ ملزمین سمیت۲۰ لوگوں کو گرفتار کیا تھا اے ٹی ایس نے پیر کو ملزمین کو ان کی پری ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر ایڈیشنل سیشن جج اے ایم پاٹل کی عدالت میں پیش کیا اور ان کی تحویل میں آٹھ دن کی توسیع کی درخواست کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مزید پانچ دن کی تحویل میں دینے کا فیصلہ کیا ہے ملزمان پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے، برادریوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے اور ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر