Latest News

کانگریس صدر کے عہدے کےلیے انتخابی عمل مکمل، کھڑگے تھرور کا فیصلہ بیلٹ باکس میں بند، ۱۹؍ کو نتائج۔

کانگریس صدر کے عہدے کےلیے انتخابی عمل مکمل، کھڑگے تھرور کا فیصلہ بیلٹ باکس میں بند، ۱۹؍ کو نتائج۔
نئی دہلی: کانگریس صدر کے عہدے کیلئے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور اب سبھی کی نظریں نتائج کی منتظر ہے، تقریباً ۲۵ برسوں بعد کانگریس میں گاندھی فیملی کے بعد عہدہ صدارت جانا یقینی ہوگیا ہے۔ ووٹنگ کے اختتام کے ساتھ ہی کھڑگے اور تھرور کی قسمت کا فیصلہ بیلٹ باکس میں بند ہوگیا ہے اب ۱۹؍ اکتوبر کو نتائج کا اعلان ہو گا۔ دوپہر تین بجے تک کانگریسیوں کی جانب سے ۷۱ فیصد ووٹ کیے گئے تھے۔ ادھر راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے کہاکہ ملکا ارجن کھڑکے اکثریت سے جیتیں گے ، وہ تجربہ کار شخص ہیں انہوں نے کہاکہ جو لوگ پارٹی چھوڑ کر گئے ہیں وہ موقع پرست ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا کی کمان سنبھال رہے راہل گاندھی نے کرناٹک کے بیلاری میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ان کے ساتھ ۴۰ کانگریسی لیڈروں نے صدارتی انتخاب میں حصہ لیا اور ووٹ ڈالا۔ دریں اثناء کانگریس ہیڈکوارٹر میں پیر کو پارٹی صدر کے انتخاب کو لے کر گہماگہمی کے ماحول کے درمیان پارٹی کی قائم مقام صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ سمیت کئی اہم لیڈروں نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ صبح 10 بجے سے پہلے ہی کانگریس ہیڈکوارٹر میں گہماگہمی کا ماحول تھا۔ وگیان بھون کی طرف سے کھلنے والا دروازہ صبح سے ہی بند کر دیا گیا تھا۔ پارٹی رہنماؤں کی آمدورفت مین گیٹ سے تھی اور میڈیا والوں کو مین گیٹ کے ساتھ والے چھوٹے گیٹ سے داخلے کی اجازت تھی۔ پولنگ اسٹیشن مرکزی عمارت کے ایک بڑے ہال میں بنایا گیا تھا اور وہاں صرف ڈیلیگیٹس کو ہی جانے کی اجازت تھی۔ باہر میڈیا کے لوگ موجود تھے جو ووٹ ڈالنے کے بعد آنے والے ووٹرز کی رائے لے رہے تھے۔ سینئر لیڈر ہریش راوت اور کچھ دوسرے لیڈر گھنٹوں کیمپس میں اس امید پر گھومتے رہے کہ میڈیا کا کوئی کیمرہ ان کی طرف گھومے اور وہ کیمرے کے سامنے اپنا رد عمل ظاہر کر سکیں، لیکن کئی بار اکا دکا کیمرہ ہریش راوت کے پاس جاتا، اسی وقت اچانک سچن پائلٹ جیسا کوئی مشہور لیڈر باہر آتا تو پورا میڈیا راوت کو چھوڑ کر ان کی طرف بھاگنے لگتا۔کانگریس صدر سونیا گاندھی، منموہن سنگھ اور پرینکا گاندھی کے ووٹ ڈالنے تک وہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے لیکن بعد میں سیکورٹی میں کافی نرمی کی گئی اور لیڈران و کارکنان بغیر کسی رکاوٹ کے ہیڈکوارٹر میں داخل ہوتے رہے۔کانگریس صدر کے لیے ہوئی پولنگ پر کانگریس کی مرکزی انتخابی اتھارٹی (سی ای اے) کے صدر مدھوسودن مستری نے کہا کہ ’’آج کا دن انتخاب کا دن تھا اور بڑی تعداد میں نمائندوں نے ووٹ ڈالے ہیں۔ تقریباً 9900 نمائندوں میں سے تقریباً 9500 نمائندوں نے ووٹ کیا جو کہ تقریباً 96 فیصد ہے۔‘‘

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر