ذکر الٰہی خالق ومالک سے قریب ہونے کا موثر ذریعہ، مدرسہ ضیاءالقرآن خانقاہ بوڑیہ میں مولاناسیدازہرمدنی کا خطاب۔
دیوبند: سمیر چودھری۔جس طرح مدارس عربیہ سے ہمارے جگرگوشوں کو تعلیم وتربیت اور پاکیزہ صفات وکردار کا حامل بناکر خدمت دین وانسانیت کا صور ان میں پھونکا جاتا ہے، اسی طرح خانقاہوں میں اہل اللہ اور مشائخ اپنے متعلقین ومریدین کی اصلاح قلب وقالب کا فریضہ نبھاتے ہیں، جسے قرآن کریم کی زبان میں تزکیہ نفس سے تعبیرکیاگیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جمعیة علماءہند کے سرکردہ رہنما اور مدرسہ مدنیہ تعلیم القرآن گنگوہ کے مہتمم مولاناسیدازہرمدنی نے کیا ، وہ آج یہاں مدرسہ ضیاءالقرآن خانقاہ بوڑیہ یمنانگر میں معروف علمی وروحانی شخصیت حضرت مولاناقاری عبدالستاربوڑیوی سے ملاقات کیلئے پہنچے تھے ،جہاں انہوں نے مولانابوڑیوی کی فرمائش پر اہل مجلس سے مختصرخطاب بھی کیا۔ مولانامدنی نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ذکر الٰہی اپنے خالق ومالک سے قریب ہونے کا مو ¿ثر ذریعہ ہے جو بندہ جس قدر خلوص اور احسن طریقہ سے اپنے اللہ کو یاد کرتا ہے تو اللہ جل شانہ بھی اس سے بڑھ کر اپنے بندہ کو یاد کرتا ہے اور اس سے بہتر مجلس میں اس کا تذکرہ کرتا ہے لھذا ذکر وفکر کی ایسی مجالس ہمارے قلب وقالب کو سنت وشریعت کے رنگ میں ڈھالنے اور اخلاق حسنہ پیدا کرنے میں معین ومددگار ہیں۔ انہوں نے بزرگ عالم دین وشیخ طریقت مولانابوڑیوی کیلئے صحت اور طول عمر کی تمنابھی ظاہرکی، اس موقع پر ناظم مدرسہ مولاناعبدالجبارقاسمی ، مولاناعبدالغفارمظاہری ، قاری عبدالحنان عرف بھائی جان ، مولانامحمدعباس قاسمی مہتمم مدرسہ جامع العلوم سہنس پور دہرادون ، قاری محمداکرم ضیاوی مہتمم جامعہ اشرف الابرارڈھکرانی ،قاری محمدقربان، قاری محمدوسیم ضیاوی قاری محمدراشد قاری محمدشیردین اور حاجی محمدقربان سمیت متعدد احباب موجود رہے۔
0 Comments