Latest News

اسٹیٹ ہائیوے پر فوجی گاڑی حادثہ کا شکار، کیپٹن سمیت تین جوان شدید طور پر زخمی، انتظامیہ میں مچی افراتفری

اسٹیٹ ہائیوے پر فوجی گاڑی حادثہ کا شکار، کیپٹن سمیت تین جوان شدید طور پر زخمی، انتظامیہ میں مچی افراتفری۔
دیوبند:سمیر چودھری.
دیوبند میں اسٹیٹ ہائی وے پر صبح سویرا فوجی گاڑی کو بڑا حادثہ پیش آنے سے فوجی کیپٹن سمیت تین جوان شدید طور پر زخمی ہوگئے ۔اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور افسران میں افرا تفری کا عالم پیدا ہوگیا اور انہوں نے جائے حادثہ پہنچ کر زخمی جوانوں کو علاج کے لئے اسپتال پہنچایا۔
تفصیل کے مطابق سنیچر کی صبح دیوبند اسٹیٹ ہائی وے پر تقریباً صبح 9بجے دہرا دون سے دہلی جانے والی ایک فوجی گاڑی جیسے ہی دیوبند کے قریبی گاوں نہال کھیڑی کے قریب پہنچی تو ہائی وے پر کھڑے ایک ٹرک کے نیچے فوجی گاڑی بے قابو ہوکر جاگھسی جس کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار فوجی کیپٹن روہن سنگھ ،ستیندر سنگھ اور گاڑی کا ڈرائیور شیام سندر شدید طور پر زخمی ہوگئے ۔اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ میں افرا تفری کا عالم پیدا ہوگیا اور دیوبند کے سرکل آفیسر رام کرن سنگھ کوتوالی انچارج پیوش دیکشت اور دیگر اعلیٰ افسران مع پولیس فور س کے موقع پر پہنچ گئے ۔پولیس نے سب سے پہلے آس پاس کے لوگوں کی مدد سے تینوں زخمیوں کو دیوبند کے سرکاری اسپتال میں علاج کے لئے بھیجا لیکن ڈاکٹروں نے ان کی تشویش ناک حالت کو دیکھتے ہوئے ابتدائی میڈیکل ایڈ دینے کے بعد ہائر سینٹر کے لئے ریفر کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ فوجی گاڑی کا اگلا حصہ بری طرح ٹوٹ پھوٹ گیا ۔سی او رام کرن سنگھ نے بتایا کہ فوجی جوانوں کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثہ کے بارے میں تفصیلات جمع کی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں باقاعدہ جانچ کی جائے گی۔افسران کا کہنا ہے کہ ابھی ملٹری کی جانب سے پولیس کو کوئی تحریر موصول نہیں ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس بات کی خاص طور پر جانچ کی جائے گی کہ ٹرک ڈرائیور نے ٹرک بے ترتیب انداز میں سڑک پر کیوں کھڑا کیا تھا ۔جانچ رپورٹ آنے کے بعد ہی اگلی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس ٹرک ڈرائیور کو بھی تلاش کررہی ہے جو ابھی تک پولیس گرفت سے باہر ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر