Latest News

دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا سے سی بی آئی ہیڈکوارٹر میں دن بھر ہوئی پوچھ تاچھ۔

دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا سے سی بی آئی ہیڈکوارٹر میں دن بھر ہوئی پوچھ تاچھ۔
نئی دہلی:  دہلی میں شراب پالیسی میں مبینہ بدعنوانی معاملہ میں طلب کئے گئے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا پیر کو صبح گیارہ بج کر تیرہ منٹ پر سی بی آئی ہیڈکوارٹر پہنچے اور یہاں ان سے ساڑھے گیارہ بجے سے پوچھ گچھ شروع ہوئی ، جو گزشتہ سات گھنٹوں سے لگاتار جاری ہے ۔ حالانکہ انہیں لنچ کیلئے آدھے گھنٹے کا بریک دیا گیا تھا ۔ سسودیا پہلے راج گھاٹ پہنچے اور انہوں نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ ان کی حمایت میں اے اے پی کارکنان دہلی کی سڑکوں پر اتر گئے اور سی بی آئی دفتر پر انہوں نے مظاہرہ کیا ۔سی بی آئی ذرائع کے مطابق سب سے پہلے سسودیا کے گھر پر جو بیان ہوئے تھے، اس کی کاپی انہیں دکھائی گئی ۔ اس کے بعد اسی معاملہ کے دیگر ملزمین وجے نائر اور حیدرآباد کے کاروباری ابھیشیک بوئنپلی جنہیں حال ہی میں گرفتار کیا گیا تھا، ان کے بارے میں منیش سسودیا سے پوچھ گچھ ہوئی ۔ ایسا بتایا گیا ہے کہ ملزم وجے نائر اور ابھیشیک دہلی کی آبکاری کی نئی پالیسی بنانے والی میٹنگوں میں شامل ہوتے تھے ، اس بات کی جانکاری منیش سسودیا کو ہوتی تھی ، لہذا ان کے رشتوں کو لے کر پوچھ گچھ ہوئی ۔ذرائع نے بتایا کہ سسودیا سے دنیش اروڑہ کی کمپنی رادھا انڈسٹری میں سمیر مہندر کے ذریعہ بھیجے جانے والے ایک کروڑ روپے کے ٹرانزکشن کے بارے میں پوچھا گیا ۔ ابھی تک پوچھ گچھ میں وجے نائر، ابھیشیک کا ایکسائز کی میٹنگ میں شامل ہونا اور ان کا ایکسائز کے افسروں کو لالچ دے کر پسندیدہ شراب کاروباری کو لائسنس دلوانے کو لے کر پوچھ گچھ ہوئی ہے ۔سی بی آئی دفتر کیلئے نکلنے سے پہلے سسودیا نے اپنی متھرا روڈ پر واقع رہائش گاہ پر ماں کا آشیرواد لیا ۔ ان کی اہلیہ نے انہیں تلک بھی لگایا ۔ سی بی آئی دفتر جانے کے دوران حب الوطنی گانے کے درمیان سسودیا کے قافلہ میں پارٹی کے کئی لیڈران اور کارکنان بھی شامل تھے ۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر